
ابوظہبی/دبئی، 13 نومبر (ہ س)۔ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست فجیرہ میں پیش آئے ایک سڑک حادثے میں کم از کم 14 افراد ہلاک اور 30 دیگر زخمی ہو گئے۔ وزارت داخلہ نے جمعرات کو یہ اطلاع دی۔ حادثے میں 18 گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، جس کے بعد ان میں سے بعض میں آگ لگ گئی۔ ان گاڑیوں میں پانچ ٹرک بھی شامل تھے۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک کار میں سوار ہندوستانی نژاد جڑواں بہن بھائی، 21 سالہ محمد اسمل اور مسنا جبیں صدیقی، نیز ان کا تین سالہ بھتیجا محمد فیض بھی شامل ہے۔
’گلف نیوز‘ اور ’عرب نیوز‘ کی رپورٹ کے مطابق فجیرہ پولیس نے بتایا کہ بدھ کی نصف شب سے کچھ پہلے فجیرہ ریاست کے داخلی راستے کے قریب شیخ خلیفہ بن زاید روڈ پر ایک ٹرک ڈرائیورکے قابو سے باہر ہو گئی۔ پولیس کے مطابق ٹرک پہلے ایک دوسری گاڑی سے ٹکرایا، پھر الٹ گیا اور سست رفتار ٹریفک کے باعث رکی ہوئی کئی دیگر گاڑیوں سے جا ٹکرایا۔ ٹرک میں لگی آگ نے حادثے میں تباہ ہونے والی دیگر گاڑیوں کو بھی اپنی زد میں لے لیا۔
فجیرہ پولیس نے بتایا کہ حادثے میں زخمی اور جھلسنے والے افراد میں سے 15 کو اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے، جبکہ 15 دیگر کا اب بھی علاج جاری ہے۔ ہلاک ہونے والوں میں اماراتی شہری بھی شامل ہیں۔ غمزدہ ہندوستانی خاندان، جس کا تعلق بنیادی طور پر کیرالہ سے ہے، نے تینوں کی تدفین متحدہ عرب امارات میں ہی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ خاندان کے رکن جمال صدیقی نے بتایا کہ تینوں کی نماز جنازہ جمعہ کی نماز کے بعد فجیرہ کی ایک مسجد میں ادا کی جائے گی۔
مرحوم جڑواں بہن بھائی کے بڑے بھائی اجمل صدیقی نے بتایا کہ اسمل اور مسنا حال ہی میں کیرالہ سے متحدہ عرب امارات واپس آئے تھے۔ اس بار اسمل اپنی اہلیہ عارفہ اور بیٹی فرزانہ کو بھی ساتھ لائے تھے۔ فرزانہ گھریلو خاتون ہیں۔ جڑواں بہن بھائی کی پیدائش اور پرورش کیرالہ میں ہوئی تھی، جہاں انہوں نے دسویں جماعت تک تعلیم حاصل کی۔ اس کے بعد وہ فجیرہ منتقل ہو گئے، جہاں انہوں نے گیارہویں اور بارہویں جماعت کی تعلیم مکمل کی۔ دونوں فاصلاتی تعلیم کے ذریعے بیچلر آف کمپیوٹر ایپلی کیشنز (بی سی اے) کی آن لائن ڈگری حاصل کر رہے تھے۔
اجمل نے بتایا کہ بدھ کی رات اسمل خاندان کے چند افراد کے ساتھ ایک رشتہ دار کو چھوڑنے شارجہ گئے تھے۔ وہاں سے واپسی کے دوران رات تقریباً 11 بجے فجیرہ کورٹ ہاو¿س کے قریب ان کی کار ایک ٹرک سے ٹکرا گئی۔ کیرالہ میں صدیقی کے بھائی کی اہلیہ ممتاز نے کہا کہ اس خبر سے پورا خاندان صدمے میں ہے۔ جڑواں بہن بھائی کے والد کئی دہائیوں سے متحدہ عرب امارات میں مقیم ہیں اور فجیرہ میں ایک معروف شخصیت ہیں۔ وہ ’ایوا کیفے ٹیریا‘ چلاتے ہیں۔ کیرالہ کے ضلع ملاپورم کے کنّوم پورم میں واقع ’الجزیرہ آرٹس اینڈ اسپورٹس کلب‘ نے سوشل میڈیا پر اسمل کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
دبئی میں ہندوستانی قونصل خانے نے جمعرات کی دوپہر بتایا کہ اس کے افسران متاثرہ خاندان کے رابطے میں ہیں اور مقامی حکام کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔ قونصل خانے نے متاثرہ خاندان کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / محمد شہزاد