
وشاکھاپٹنم، 13 نومبر (ہ س): ۔
مرکزی وزیر برائے سڑک ٹرانسپورٹ و شاہراہ نتن گڈکری نے کہا کہ آندھرا پردیش میں تقریباً تین لاکھ کروڑ روپے کے سڑک منصوبوں پر کام جاری ہے یا انہیں مجوزہ منصوبوں میں شامل کیا گیا ہے۔ ریاست میں قومی شاہراہوں کا نیٹ ورک 2014 میں 4,100 کلومیٹر تھا، جو بڑھ کر 2026 میں 8,700 کلومیٹر ہوگیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ریاست میں 60 ہزار کروڑ روپے کی لاگت سے 4,750 کلومیٹر طویل سڑک منصوبے مکمل کیے جاچکے ہیں، جبکہ ایک لاکھ کروڑ روپے کی لاگت سے 2,500 کلومیٹر طویل منصوبوں پر کام جاری ہے۔ اس کے علاوہ ایک لاکھ 20 ہزار کروڑ روپے کی لاگت سے 4,600 کلومیٹر سڑکوں کی توسیع اور اپ گریڈیشن کا کام بھی جاری ہے۔
گڈکری نے جمعہ کو یہاں کنفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری (سی آئی آئی) کے 31ویں سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بہتر سڑک بنیادی ڈھانچے سے سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوگا۔ ریاست میں گرین فیلڈ کوریڈور، ایکسپریس وے، بندرگاہوں سے رابطہ سڑکیں، رنگ روڈ اور بائی پاس تعمیر کیے جارہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ 14 ہزار کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے 340 کلومیٹر طویل بنگلورو-کڈپہ-وجے واڑہ کوریڈور کا 70 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔ اس منصوبے کو دسمبر 2027 تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس کوریڈور کی تعمیر سے سفر کی دوری تقریباً 210 کلومیٹر کم ہوجائے گی، جبکہ سفر کا وقت 12 گھنٹے سے گھٹ کر صرف چار گھنٹے رہ جائے گا۔
اسی طرح 16 ہزار کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے 460 کلومیٹر طویل رائے پور-وشاکھاپٹنم کوریڈور کا 96 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔ اسے 2027 تک مکمل کرنے کا ہدف ہے۔ اس کے بننے سے سفر کا وقت 13 گھنٹے سے کم ہوکر پانچ گھنٹے رہ جائے گا۔ اس کے علاوہ چھتیس گڑھ اور اوڈیشہ کو وشاکھاپٹنم بندرگاہ سے بہتر رابطہ سہولت حاصل ہوگی۔
حیدرآباد-وجے واڑہ-مچھلی پٹنم شاہراہ کو 12 ہزار کروڑ روپے کی لاگت سے 286 کلومیٹر تک چھ لین کا بنایا جائے گا۔ اس منصوبے کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) اسسمنٹ کمیٹی کی منظوری مل چکی ہے اور اب کابینہ کی منظوری کا انتظار ہے۔
منصوبہ مکمل ہونے کے بعد حیدرآباد سے وجے واڑہ تک کا سفر ساڑھے چار گھنٹے کے بجائے صرف ڈھائی گھنٹے میں طے کیا جاسکے گا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ