نیپال: بس حادثہ میں ہلاکتوں کی تعداد 14 ہوگئی، جمعہ کو مزید 4 لاشیں برآمد
کاٹھمنڈو، 13 نومبر (ہ س)۔ نیپال کے ضلع مکوان پور کے بھیم پھیدی میں جمعرات کو پیش آئے دردناک سڑک حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 14 ہوگئی ہے۔ حادثے میں جان گنوانے والے 11 افراد کی شناخت ہو چکی ہے، جبکہ تین دیگر متوفین کی شناخت ابھی نہیں ہو
نیپال


کاٹھمنڈو، 13 نومبر (ہ س)۔ نیپال کے ضلع مکوان پور کے بھیم پھیدی میں جمعرات کو پیش آئے دردناک سڑک حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 14 ہوگئی ہے۔ حادثے میں جان گنوانے والے 11 افراد کی شناخت ہو چکی ہے، جبکہ تین دیگر متوفین کی شناخت ابھی نہیں ہو پائی ہے۔

ضلع مکوان پور کے پولیس دفتر کے مطابق، حادثے میں ہلاک ہونے والے 10 افراد کی لاشیں ہیٹونڈا اسپتال لائی گئی تھیں۔ اس کے بعد جمعہ کو جائے حادثہ سے مزید چار لاشیں برآمد کی گئیں۔ مسلح پولیس فورس کے مشترکہ ترجمان ڈی ایس پی شیلیندر تھاپا نے اس کی اطلاع دی۔ گاڑی میں مجموعی طور پر 20 افراد سوار تھے، جن میں سے 14 کی موت ہوگئی، جبکہ چھ افراد زخمی ہوئے ہیں۔

مکوان پور پولیس کے ترجمان ڈی ایس پی مادھو کافلے کے مطابق، حادثے میں گاڑی کے ڈرائیور روی شنکر کمار منڈل (30) کی بھی موت ہوگئی۔ حادثے میں جان گنوانے والے دیگر افراد میں چکر گھٹا کے بکیش یادو (26)، پونم یادو (35)، دیکشا یادو (7)، دیپیکا یادو (5)، انو کماری یادو (10)، گڈو یادو (36)، گایتری دیوی (32)، رام دلار یادو (26)، سبودھ یادو (25) اور روہن یادو (15) شامل ہیں۔

ڈی ایس پی کافلے کے مطابق، پونم، وویک، دیکشا، دیپیکا اور انو ایک ہی خاندان کے افراد تھے۔ دیکشا، دیپیکا اور انو، پونم کی بیٹیاں تھیں۔ حادثے میں زخمی ہونے والے تمام چھ افراد کو بچا کر ہیٹونڈا اسپتال پہنچایا گیا۔ زخمیوں میں سرلاہی کے مکیش یادو (33)، سکشم کمار یادو (5) اور دیویندر رائے (26) کو علاج کے بعد اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے۔

وہیں، تین سالہ سجن یادو اور 14 ماہ کے سدیپ یادو کو مزید علاج کے لیے کاٹھمنڈو کے میڈی سٹی اسپتال ریفر کیا گیا ہے۔ اسی طرح 31 سالہ دیویندر رائے عرف بیچو کو بہتر علاج کے لیے چتون کے منکامنا اسپتال بھیجا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق، جمعرات کی صبح تقریباً 5 بج کر 45 منٹ پر مدھیش پردیش نمبر 03-001 جے 0880 کی مائیکرو بس کاٹھمنڈو سے سرلاہی جا رہی تھی۔ اسی دوران گاڑی بے قابو ہو کر سڑک سے پھسل گئی اور تقریباً 500 میٹر گہری کھائی میں جا گری۔

زخمیوں کے مطابق، وہ سب چھٹھ تہوار منانے کے لیے گاڑی ریزرو کرکے کاٹھمنڈو سے اپنے گھر سرلاہی واپس جا رہے تھے۔ اسی دوران یہ دردناک حادثہ پیش آیا۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستھان سماچار / عبدالسلام صدیقی


 rajesh pande