دیویا، ودت، تیجسوِن، تریشا سمیت 17 کھلاڑی ارجن ایوارڈ سے سرفراز
نئی دہلی، 13 نومبر(ہ س)۔ صدر جمہوریہ ہند دروپدی مرمو نے جمعہ کو راشٹرپتی بھون میں منعقدہ تقریب میں قومی کھیل ایوارڈز 2025 پیش کیے۔ شطرنج کے کھلاڑی دیویا دیشمکھ اور ودت گجراتی، ایتھلیٹ تیجسوِن شنکر، بیڈمنٹن کھلاڑی تریشا جولی اور گایتری گوپی چند سمیت
دیویا، ودت، تیجسوِن، تریشا سمیت 17 کھلاڑی ارجن ایوارڈ سے سرفراز


نئی دہلی، 13 نومبر(ہ س)۔ صدر جمہوریہ ہند دروپدی مرمو نے جمعہ کو راشٹرپتی بھون میں منعقدہ تقریب میں قومی کھیل ایوارڈز 2025 پیش کیے۔ شطرنج کے کھلاڑی دیویا دیشمکھ اور ودت گجراتی، ایتھلیٹ تیجسوِن شنکر، بیڈمنٹن کھلاڑی تریشا جولی اور گایتری گوپی چند سمیت 17 کھلاڑیوں کو ارجن ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا۔ فٹ بال کھلاڑی اسایاہ ارومنايگم کو ارجن ایوارڈ کے لائف ٹائم اچیومنٹ زمرے میں اعزاز سے نوازا گیا۔ وہیں تین کوچز کو باقاعدہ زمرے اور دو کوچز کو لائف ٹائم اچیومنٹ زمرے میں دروناچاریہ ایوارڈ دیا گیا۔ بھارتی فوج کے پیرا اسپورٹس سینٹر پونے کو قومی کھیل فروغ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس مرتبہ کسی بھی کھلاڑی کو ملک کا اعلیٰ ترین کھیل اعزاز میجر دھیان چند کھیل رتن ایوارڈ نہیں دیا گیا۔ 2014 کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب کسی کھلاڑی کو کھیل رتن ایوارڈ سے سرفراز نہیں کیا گیا۔

راشٹرپتی بھون میں منعقدہ تقریب میں ایتھلیٹکس کوچ پرویر سنگھ، باکسنگ کوچ چھوٹے لال یادو اور شوٹنگ کوچ نیہا نند کمار چوہان کو دروناچاریہ ایوارڈ پیش کیا گیا۔ وہیں کشتی کے کوچ ویریندر کمار اور باکسنگ کوچ دھرمیندر سنگھ یادو کو دروناچاریہ ایوارڈ کے لائف ٹائم اچیومنٹ زمرے میں اعزاز سے نوازا گیا۔ اس کے علاوہ پونے میں واقع آرمی پیرالمپک نوڈ کو قومی کھیل فروغ ایوارڈ دیا گیا۔ لیفٹیننٹ کرنل دلجیت سنگھ نے صدر جمہوریہ سے یہ ایوارڈ حاصل کیا۔

ارجن ایوارڈ حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں شطرنج کے کھلاڑی دیویا دیشمکھ اور ودت گجراتی، ڈیکاتھلون ایتھلیٹ تیجسوِن شنکر، ایتھلیٹ محمد اجمل وی اور ریس واکر پرینکا گوسوامی شامل ہیں۔ بیڈمنٹن میں تریشا جولی اور گایتری گوپی چند، باکسنگ میں نریندر، ہاکی میں لالریمسیا می اور راج کمار پال، کبڈی میں سرجیت اور پوجا کو یہ اعزاز ملا۔ ان کے علاوہ پیرا شوٹر دھنش سری کانت اور رودرانش کھنڈیلوال، پیرا ایتھلیٹ ایکتا بھیاں، روئنگ کھلاڑی اروند سنگھ اور شوٹر اکھل شیوران بھی ارجن ایوارڈ سے سرفراز کیے گئے۔

دیویا دیشمکھ نے سال 2025 میں فِڈے ویمنز ورلڈ کپ جیت کر یہ خطاب حاصل کرنے والی پہلی ہندوستانی خاتون ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ اس سے پہلے وہ 2024 میں شطرنج اولمپیاڈ میں ہندوستانی خواتین کی ٹیم کے ساتھ سونے کا تمغہ جیت چکی ہیں۔ انہوں نے اسی مقابلے میں انفرادی طلائی تمغہ بھی حاصل کیا تھا۔ ودت گجراتی 2024 میں 45ویں فِڈے شطرنج اولمپیاڈ میں سونے کا تمغہ جیتنے والی ہندوستانی مردوں کی ٹیم کا حصہ تھے۔ انہوں نے 2023 میں فِڈے گرینڈ سوئس ٹورنامنٹ بھی جیتا تھا۔

تیجسوِن شنکر نے 2022 کے کامن ویلتھ گیمز میں ہائی جمپ میں کانسہ کا تمغہ جیتا تھا۔ اس کے بعد 2023 کے ایشیائی کھیلوں میں ڈیکاتھلون مقابلے میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ 2025 کی ایشیائی ایتھلیٹکس چمپئن شپ میں بھی انہوں نے ڈیکاتھلون میں چاندی کا تمغہ جیتا۔ محمد اجمل وی 2023 کے ایشیائی کھیلوں میں مردوں کی چار ضرب 400 میٹر ریلے میںسونا اور مکسڈ ریلے میں چاندی کا تمغہ جیتنے والی ہندوستانی ٹیم کا حصہ تھے۔ پرینکا گوسوامی نے 2022 کے کامن ویلتھ گیمز میں 10 کلومیٹر پیدل دوڑ میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔

بیڈمنٹن کھلاڑی تریشا جولی اور گایتری گوپی چند نے 2024 میں بیڈمنٹن ایشیا ٹیم چمپئن شپ میں سونے کا تمغہ جیتا تھا۔ دونوں نے 2022 کے کامن ویلتھ گیمز میں مکسڈ ٹیم مقابلے میں چاندی اور خواتین کے ڈبلز میں کانسہ کا تمغہ حاصل کیا تھا۔ تاہم جاپان ماسٹرز ٹورنامنٹ میں شرکت کے باعث دونوں کھلاڑی ایوارڈ تقریب میں شامل نہیں ہو سکیں۔ ہاکی کھلاڑی راج کمار پال 2024 کے پیرس اولمپکس میں کانسہ کا تمغہ جیتنے والی ہندوستانی مردوں کی ٹیم کا حصہ تھے۔ لالریمسیا می نے ہندوستانی خواتین کی ہاکی ٹیم کے ساتھ کامن ویلتھ اور ایشیائی کھیلوں میں تمغے جیتے ہیں۔ کبڈی کھلاڑی سرجیت اور پوجا نے بھی 2023 کے ایشیائی کھیلوں میں سونے کا تمغہ حاصل کیا تھا۔

پیرا کھیلوں میں دھنش سری کانت نے 2024 کی ورلڈ ڈیف شوٹنگ چمپئن شپ میں 10 میٹر ایئر رائفل کے انفرادی اور مکسڈ ٹیم مقابلوں میں دو سونے کے تمغے جیتے تھے۔ رودرانش کھنڈیلوال نے 2023 کے ایشیائی پیرا کھیلوں اور عالمی چمپئن شپ میں چاندی کے تمغے حاصل کیے تھے۔ ایکتا بھیاں نے 2024 کی عالمی چمپئن شپ میں کلب تھرو مقابلے میں سونے کا تمغہ جیتا تھا۔ روئنگ کھلاڑی اروند سنگھ نے 2023 کے ایشیائی کھیلوں میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔ شوٹر اکھل شیوران نے 2023 کی عالمی چمپئن شپ اور ایشیائی کھیلوں میں تمغے جیتے تھے۔

1962 کے ایشیائی کھیلوں میں سونے کا تمغہ جیتنے والی ہندوستانی فٹ بال ٹیم کے رکن اسایاہ ارومنايگم کو ارجن ایوارڈ کے لائف ٹائم اچیومنٹ زمرے میں اعزاز سے نوازا گیا۔ انہوں نے 1964 میں اے ایف سی ایشیائی کپ میں چاندی کا تمغہ جیتنے والی ہندوستانی ٹیم کی بھی نمائندگی کی تھی۔

دروناچاریہ ایوارڈ حاصل کرنے والے کوچز میں پرویر سنگھ نے ایتھلیٹ تیجندر پال سنگھ تور اور انو رانی کو تربیت دی ہے۔ چھوٹے لال یادو نے باکسر ایم سی میری کوم، جیسمین اور ساکشی کو تربیت دی ہے۔ نیہا نند کمار چوہان کے زیر تربیت کھلاڑیوں میں شوٹر ایلاوینِل والاریون، رمیتا اور دھنش سری کانت شامل ہیں۔ لائف ٹائم اچیومنٹ زمرے میں اعزاز حاصل کرنے والے کشتی کے کوچ ویریندر کمار نے سشیل کمار، روی کمار، امیت کمار اور دیپک پونیا جیسے کھلاڑیوں کو تربیت دی ہے۔ باکسنگ کوچ دھرمیندر سنگھ یادو کے زیر تربیت کھلاڑیوں میں وکاس کرشن، منجیت جانگڑا اور منیش کوشک شامل ہیں۔

پونے میں واقع آرمی پیرالمپک نوڈ کا قیام 23 جون 2017 کو کھڑکی میں واقع بی ای جی اینڈ سینٹر میں عمل میں آیا تھا۔ اس کا مقصد دورانِ ڈیوٹی معذور ہونے والے فوجیوں کی بازآبادکاری اور انہیں پیرا کھیلوں کے لیے تیار کرنا ہے۔ اس مرکز نے اب تک نو کھیلوں میں 150 سے زیادہ پیرا کھلاڑیوں کو تربیت دی ہے۔ اس کے کھلاڑی 300 سے زیادہ تمغے جیت چکے ہیں۔ 2022 سے اب تک مرکز کے کھلاڑیوں نے بین الاقوامی سطح پر 87 اور قومی سطح پر 170 تمغے حاصل کیے ہیں۔ مرکز کے کھلاڑیوں نے ایک عالمی ریکارڈ، ایک ایشیائی ریکارڈ اور چھ قومی ریکارڈ بھی قائم کیے ہیں۔ پیرس پیرالمپکس 2024 میں ہوکاٹو سیما نے کانسہ کا تمغہ جیتا تھا۔

تقریب میں تینزنگ نورگے نیشنل ایڈونچر ایوارڈز 2024 بھی پیش کیے گئے۔ لینڈ ایڈونچر زمرے میں ہماچل پردیش کی بلجیت کور اور لداخ کے اسکالزنگ رگزِن، واٹر ایڈونچر زمرے میں مغربی بنگال کے ریمو ساہا اور لائف ٹائم اچیومنٹ زمرے میں اتراکھنڈ کے شیو پرساد چمولی کو اعزاز سے نوازا گیا۔ بلجیت کور نے 2022 سے 2024 کے درمیان ایورسٹ، اناپورنا، کلیمنجارو، مناسلو، مکالو، لوٹسے اور کنچن جنگا سمیت سات پہاڑی چوٹیوں کو کامیابی کے ساتھ سر کیا۔ اسکالزنگ رگزِن نے لوٹسے، اناپورنا اور ایورسٹ کی چوٹیوں پر چڑھائی کی ہے۔ ریمو ساہا نے 31 گھنٹے 17 منٹ میں انگلش چینل عبور کیا۔ شیو پرساد چمولی نے کوہ پیمائی، اسکیئنگ اور رافٹنگ کے شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔

تقریب تقریباً 36 منٹ تک جاری رہی۔ اس موقع پر مرکزی وزیر برائے امور نوجوانان و کھیل منسکھ مانڈویا اور کھیل سکریٹری ہری رنجن راؤ سمیت کئی معزز شخصیات موجود تھیں۔ وزارت کھیل نے 18 اگست کو ایوارڈ حاصل کرنے والوں کی حتمی فہرست جاری کی تھی۔ یہ فہرست سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس ارون کمار مشرا کی سربراہی والی سلیکشن کمیٹی کی سفارشات کی بنیاد پر تیار کی گئی تھی۔ کمیٹی میں معروف کھلاڑیوں، کھیل صحافت سے وابستہ افراد اور کھیل منتظمین کو شامل کیا گیا تھا۔

قابل ذکر ہے کہ ارجن ایوارڈ کا آغاز 1961 میں ہوا تھا۔ یہ ایوارڈ مسلسل چار برس تک کھیلوں میں بہترین کارکردگی، قیادت کی صلاحیت، کھیل کے جذبے اور نظم و ضبط کے اعتراف میں دیا جاتا ہے۔ ایوارڈ حاصل کرنے والوں کو 15 لاکھ روپے نقد، ارجن کا کانسہ کا مجسمہ اور توصیفی سند پیش کی جاتی ہے۔ دروناچاریہ ایوارڈ کا آغاز 1985 میں ہوا تھا۔ اس کے باقاعدہ زمرے کے فاتحین کو 10 لاکھ روپے اور لائف ٹائم اچیومنٹ زمرے کے فاتحین کو 15 لاکھ روپے نقد دیے جاتے ہیں۔روایتی طور پر قومی کھیل ایوارڈز 29 اگست کو عظیم ہاکی کھلاڑی میجر دھیان چند کی سالگرہ کے موقع پر پیش کیے جاتے رہے ہیں۔ تاہم کووڈ-19 وبا کے بعد سے تقریب کی تاریخ میں مسلسل تبدیلی ہوتی رہی ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / Mohammad Khan


 rajesh pande