
علی گڑھ, 13 نومبر (ہ س)۔
اسلام انسان کو سچائی، امانت داری، عدل و انصاف، وعدوں کی پاسداری اور دوسروں کے حقوق کا احترام کرنے کی تعلیم دیتا ہے، صرف عبادات کی ادائیگی تک محدود ہونا کافی نہیں ہے بلکہ اور اپنے کردار، معاملات اور سماجی رویے میں بھی اسلام کی تعلیمات کو نمایاں کرتا وقت کا اہم تقاضہ ہے۔
ان خیالات کا اظہار معروف سماجی کارکن ڈاکٹر محمد سہیل اخترنے کیا وہ آج دور حاضر میں ملک اورمسلمانوں کی ذمہ داری موضوع پر اپنے تاثرات کا اظہار کررہے تھے،انھوں نے مزید کہا کہ ایک اچھا مسلمان ہونا صرف نماز، روزہ اور دیگر مذہبی فرائض کی ادائیگی تک محدود نہیں بلکہ اس کا حقیقی تقاضہ یہ ہے کہ انسان اپنے کردار، معاملات اور سماجی رویے میں ایمانداری، انصاف، رحم دلی اور انسانیت کا مظاہرہ کرے۔ مذہب اور عقیدہ انسان کے ذاتی تعلق تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ اس کے اثرات معاشرتی زندگی، باہمی تعلقات اور دوسروں کی خدمت میں بھی نمایاں ہونے چاہئیں۔
ڈاکٹر محمد سہیل اختر نے کہا کہ قرآن کریم انسان کو اپنے اعمال کے لیے جواب دہ قرار دیتا ہے اور عدل، احسان اور ذمہ داری کو بنیادی اہمیت دیتا ہے۔ قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ امانتیں ان کے حقداروں تک پہنچائی جائیں اور لوگوں کے درمیان فیصلہ کیا جائے تو انصاف کے ساتھ کیا جائے۔ اسی طرح عدل و احسان اور رشتہ داروں کے حقوق ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ ان تعلیمات سے واضح ہوتا ہے کہ اسلام میں اخلاقی کردار اور سماجی ذمہ داری بنیادی حیثیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی زندگی بھی سچائی، امانت داری، کمزوروں کے ساتھ حسن سلوک، وعدوں کی پاسداری، پڑوسیوں کے حقوق اور عدل و انصاف کی بہترین مثال ہے۔ اس لیے مذہبی تعلیمات کا اصل مقصد انسان کے کردار کو بہتر بنانا اور اسے دوسروں کے لیے باعثِ خیر بنانا ہے۔
ڈاکٹر محمد سہیل اختر نے کہا کہ ایک ذمہ دار شہری وہ ہے جو اپنے حقوق سے آگاہ ہونے کے ساتھ دوسروں کے حقوق کا بھی احترام کرے، قانون کی پابندی کرے اور اختلافات کے حل کے لیے آئینی اور جمہوری طریقوں کو اختیار کرے۔ ہندوستان جیسے متنوع اور جمہوری ملک میں آئین، قانون، اداروں اور شہری ذمہ داریوں کا احترام معاشرے کے استحکام کے لیے انتہائی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط مذہبی شناخت اور ملک سے وفاداری کے درمیان کسی قسم کا تضاد نہیں ہونا چاہیے۔ ایک مسلمان اپنی اسلامی تعلیمات اور مذہبی شناخت پر پوری طرح قائم رہتے ہوئے ایک ذمہ دار اور محب وطن شہری بن سکتا ہے۔ ہندوستان کا آئینی نظام مختلف مذاہب، زبانوں، ثقافتوں اور سماجی پس منظر سے تعلق رکھنے والے شہریوں کو مساوی شہریت کا مشترکہ فریم ورک فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انسانی وقار، مساوات، انصاف، آزادی اور بھائی چارہ جیسے اصول نہ صرف ایک بہتر معاشرے کی بنیاد ہیں بلکہ ہر شہری کی عملی زندگی کا حصہ بننے چاہئیں۔
ڈاکٹر محمد سہیل اختر نے کہا کہ عبادت انسان میں نظم و ضبط، خود احتسابی، صبر، عاجزی اور ہمدردی پیدا کرتی ہے اور ان صفات کا اظہار اس کے روزمرہ معاملات میں بھی ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ جب مذہبی عقیدہ اخلاقی دیانت کا ذریعہ بنے، شہری ذمہ داری انسانیت کی خدمت کی بنیاد بنے اور حب الوطنی ہر شہری کی فلاح و بہبود سے وابستہ ہو جائے تو ایک زیادہ منصفانہ، پرامن، باہمی احترام اور بھائی چارے پر مبنی ہندوستان کی تعمیر ممکن ہے۔ ایک اچھا مسلمان وہی ہے جو اللہ کے ساتھ اپنے تعلق کو مضبوط رکھنے کے ساتھ اس کی مخلوق کے حقوق کی پاسداری کرے، قانون کا احترام کرے، کمزوروں کے ساتھ ہمدردی کا مظاہرہ کرے اور ملک کی ترقی و خوشحالی میں اپنا مثبت کردار ادا کرے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / سید کامران علی گڑھ