
بنگلورو، 13 نومبر (ہ س)۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو کرناٹک کی راجدھانی بنگلورو میں 15,600 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر انہوں نے ریل اور میٹرو رابطے سے متعلق نئے منصوبوں کا آغاز کرنے کے ساتھ کرناٹک کو گوا سے جوڑنے والی نئی وندے بھارت ٹرین کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ کسی بھی ملک کے ترقی کے سفر میں بنیادی ڈھانچے کا اہم کردار ہوتا ہے۔ بہتر رابطے سے ترقی، روزگار اور صنعت کے نئے مواقع پیدا ہوتے ہیں۔ جب ترقی کے مواقع سماج کے ہر طبقے تک پہنچتے ہیں تو غربت کے خلاف لڑائی مزید مضبوط ہوتی ہے۔ اسی کا نتیجہ ہے کہ گزشتہ چند برسوں میں تقریباً 50 کروڑ شہری انتہائی غربت سے باہر نکلے ہیں۔
مودی نے بنگلورو میٹرو کی نئی پنک لائن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس سے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ (آئی آئی ایم)، بنگلورو سمیت کئی تعلیمی اداروں اور بڑے کاروباری، ٹیکنالوجی اور تجارتی مراکز تک پہنچنا آسان ہوگا۔ اس سے لاکھوں لوگوں کو آمد و رفت میں سہولت ملنے کے ساتھ وقت اور پیسے کی بھی بچت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ دہلی این سی آر اور ممبئی میٹروپولیٹن خطے کے بعد بنگلورو ملک کا تیسرا شہر بن گیا ہے، جہاں میٹرو نیٹ ورک 100 کلومیٹر سے تجاوز کرگیا ہے۔ سال 2014 میں نمّا میٹرو کا نیٹ ورک صرف 17 کلومیٹر تھا، جو اب 100 کلومیٹر سے زیادہ ہوگیا ہے۔
ریلوے کی جدید کاری کا ذکر کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ ہندوستانی ریل نوآبادیاتی ذہنیت سے باہر نکل کر اپنی منفرد شناخت کے ساتھ ایک نئی وراثت قائم کر رہی ہے۔ وندے بھارت ٹرین اور امرت بھارت اسٹیشن اس تبدیلی کی مثالیں ہیں۔ کرناٹک میں 60 سے زیادہ ریلوے اسٹیشنوں کی جدید کاری کی جا رہی ہے۔ ان میں چامراج نگر، چکمگلور، سکلیش پور اور سبرامنیا روڈ جیسے اسٹیشن بھی شامل ہیں۔ ان اسٹیشنوں پر بزرگ شہریوں اور معذور افراد کے لیے خصوصی سہولتوں کا انتظام کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10 سے 12 برسوں میں ریلوے بجٹ میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے اور کرناٹک کے لیے ریلوے بجٹ کی رقم میں 9 گنا اضافہ کیا گیا ہے۔ آج ریاست کو 4 امرت اسٹیشنوں کے ساتھ دو ریلوے لائنوں کو ڈبل کرنے اور بجلی کاری کے 2 منصوبوں کا تحفہ ملا ہے۔ چند روز قبل ہی کرناٹک کو اپنی پہلی وندے بھارت سلیپر ٹرین ملی تھی اور اب ریاست کو گوا سے جوڑنے والی ایک اور وندے بھارت ٹرین وقف کی گئی ہے۔ اس سے منگلورو سمیت کرناٹک کے پورے ساحلی علاقے کے مسافروں کو نیم تیز رفتار ریل سفر کا نیا تجربہ حاصل ہوگا۔
توانائی کے تحفظ کو اہم قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ایران اور خلیجی خطے میں جاری جنگ نے دنیا کو توانائی کے تحفظ کی اہمیت کا احساس دلایا ہے۔ ہندوستان نے گزشتہ ایک دہائی میں پٹرول، ڈیزل اور ایل پی جی کی پیداوار بڑھانے، خام تیل کا ذخیرہ کرنے، شمسی، آبی اور ہوائی توانائی کے دائرے کو وسعت دینے اور ریلوے کی تقریباً مکمل بجلی کاری جیسے اقدامات کیے ہیں۔ ان کوششوں کے نتیجے میں ملک مشکل حالات کا مضبوطی سے مقابلہ کرنے میں کامیاب رہا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ مرکزی حکومت متوسط طبقے کی بچت بڑھانے اور اس کے ہاتھ میں خرچ کے لیے زیادہ رقم دستیاب کرانے کی مسلسل کوشش کر رہی ہے۔ اس کے تحت 12 لاکھ روپے تک کی سالانہ آمدنی کو انکم ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ بزرگ شہریوں اور کرائے سے آمدنی حاصل کرنے والوں کو فائدہ پہنچانے کے لیے ٹی ڈی ایس کے ضابطوں میں تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتیں کم کرنے کے لیے جی ایس ٹی میں اگلی نسل کی اصلاحات کی گئی ہیں۔ ذاتی صحت اور زندگی کے بیمے پر جی ایس ٹی ختم کرکے بیمہ کو مزید سستا بنایا گیا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ کرناٹک میں شروع کیے گئے یہ منصوبے ریاست کی ترقی کو نئی رفتار دینے کے ساتھ ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ متوسط طبقے کی بچت بڑھے، اس کی قوت خرید مضبوط ہو اور وہ اپنے خاندان کے خوابوں کو پورا کرنے کے ساتھ ملک کی معاشی ترقی میں بھی اپنا حصہ ادا کرسکے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / انظر حسن