
وزیر اعظم نے میسور کے جدید ترین کاسموس پلانیٹیریم کا افتتاح کیا، بھارت کی قدیم سائنسی روایت اور خلائی شعبے کی کامیابیوں کا ذکر کیا
میسور، 13 نومبر (ہ س):۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ بھارت سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں مسلسل نئی کامیابیاں حاصل کر رہا ہے۔ ایسے میں میسور میں جدید ترین کاسموس پلانیٹیریم کی تعمیر ملک کے سائنسی سفر میں ایک نیا باب جوڑے گی۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کو کرناٹک کے میسور میں چامونڈی پہاڑی کے دامن میں تعمیر کیے گئے کاسموس پلانیٹیریم کا افتتاح کرنے کے بعد کہی۔
اس موقع پر وزیر اعظم نے بھارت کی قدیم سائنسی روایات، خلائی شعبے میں موجودہ کامیابیوں اور نوجوان سائنس دانوں کی اختراعی صلاحیتوں کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ آریہ بھٹ، وراہ مہر، بھاسکر آچاریہ اور نیل کنٹھ سوماجی جیسے عظیم ماہرینِ فلکیات نے محدود وسائل اور تکنیکی سہولتوں کی کمی کے باوجود اہم دریافتیں کیں۔ ان شخصیات نے پیچیدہ حسابی طریقوں کے ذریعے سائنس کے میدان میں انمول خدمات انجام دیں۔
وزیر اعظم مودی نے کہا کہ حکومت نے ملک کے خلائی شعبے کو نجی شعبے کی شراکت داری کے لیے کھول دیا ہے۔ اس سے نجی کمپنیوں کے لیے نئے امکانات پیدا ہوئے ہیں اور بھارتی اسٹارٹ اَپس کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا موقع ملا ہے۔ آج بڑی تعداد میں نوجوان سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں سرگرم ہیں۔ نوجوان سائنس داں راکٹ لانچ کر رہے ہیں اور اختراع کے میدان میں نئے ریکارڈ قائم کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی تیزی سے دنیا کو تبدیل کر رہی ہے۔ آج لوگ آسانی سے معلوم کرسکتے ہیں کہ کوئی ٹرین کہاں ہے اور کتنی دیر میں اسٹیشن پہنچے گی۔ اس طرح کی سائنسی اور تکنیکی ترقی میں نوجوانوں کی شمولیت انتہائی اہم ہے۔
میسور آمد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ چند ماہ قبل بھی انہیں سوامی وویکانند میموریل کے افتتاح کے لیے یہاں آنے کا موقع ملا تھا۔ اس دوران انہوں نے کرناٹک کی عقیدت مندوں کی آرادھیہ دیوی ماں چامونڈیشوری کو بھی یاد کیا۔
کاسموس پلانیٹیریم کی تعمیر میں تعاون کرنے والے تمام افراد کو مبارک باد دیتے ہوئے وزیر اعظم نے میسور کے شاہی خاندان کے کردار کی بھی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ نلوادی کرشن راج واڈیار کے خاندان نے طلبہ اور محققین کی حوصلہ افزائی کرکے تعلیم اور تحقیق کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ میسور نے ہمیشہ سائنسی اور تعلیمی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کی ہے۔
افتتاح کے بعد وزیر اعظم مودی نے کاسموس پلانیٹیریم کی تعارفی ویڈیو دیکھی۔ انہوں نے فلکیات، خلائی سائنس اور میسور کی تاریخ سے متعلق خصوصی نمائشوں کا مشاہدہ کیا اور ان کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کیں۔
دنیا کا پہلا 15 ڈگری جھکا ہوا ایل ای ڈی پلانیٹیریم
میسور میں تعمیر کیا گیا کاسموس پلانیٹیریم دنیا کا پہلا ایسا تارامنڈل ہے جس کا ایل ای ڈی گنبد 15 ڈگری کے زاویے پر جھکا ہوا ہے۔ میسور یونیورسٹی کی جانب سے 3.5 ایکڑ رقبے پر جیا چامراجا واڈیار سینٹر فار ہائر لرننگ کے احاطے میں اس کی تعمیر کی گئی ہے۔ اس منصوبے پر تقریباً 115 کروڑ روپے خرچ ہوئے ہیں۔
اس تارامنڈل کی ایک اور خاص بات یہ ہے کہ اس میں کنڑ، انگریزی اور ہندی زبان کے حروف کا استعمال کرتے ہوئے ’میسور‘ نام کو خوب صورت اور دلکش انداز میں پیش کیا گیا ہے۔
جدید ترین ٹیکنالوجی سے تیار کیے گئے اس مرکز کا بنیادی مقصد عام لوگوں، بالخصوص طلبہ اور نوجوانوں میں فلکیات اور خلائی سائنس کے تئیں دلچسپی اور بیداری پیدا کرنا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ