آئی این ایس چِلکا سے 2756 اگنی ویر ہندوستانی بحریہ کا حصہ بنے
نئی دہلی، 13 نومبر(ہ س)۔ آئی این ایس چِلکا میں جمعہ کو شاندار پاسنگ آؤٹ پریڈ کے بعد 2756 اگنی ویر ملاحوں کی حیثیت سے ہندوستانی بحریہ کا حصہ بن گئے۔ ان میں 142 خواتین بھی شامل ہیں۔ تربیت مکمل کرنے والے ہندوستانی بحریہ کے 286 میڈیکل اسسٹنٹ اور انڈین
آئی این ایس چِلکا سے 2756 اگنی ویر ہندوستانی بحریہ کا حصہ بنے


نئی دہلی، 13 نومبر(ہ س)۔ آئی این ایس چِلکا میں جمعہ کو شاندار پاسنگ آؤٹ پریڈ کے بعد 2756 اگنی ویر ملاحوں کی حیثیت سے ہندوستانی بحریہ کا حصہ بن گئے۔ ان میں 142 خواتین بھی شامل ہیں۔ تربیت مکمل کرنے والے ہندوستانی بحریہ کے 286 میڈیکل اسسٹنٹ اور انڈین کوسٹ گارڈ کے 316 ملاح بھی اس پریڈ میں شریک ہوئے۔ بحریہ کے اس تربیتی مرکز سے تربیت حاصل کرنے والا یہ اب تک کا سب سے بڑا بیچ ہے، جس میں مجموعی طور پر 3358 افراد کی تربیت مکمل ہوئی ہے۔

بحریہ کے سربراہ ایڈمرل کرشنا سوامی ناتھن پریڈ کے مہمان خصوصی اور جائزہ افسر تھے۔ اس موقع پر جنوبی بحری کمان کے فلیگ آفیسر کمانڈنگ اِن چیف وائس ایڈمرل سمیر سکسینہ کے علاوہ بحریہ کے سینئر افسران، شہری اور فوجی اداروں کی اہم شخصیات، سابق فوجی اہلکار، طلبہ اور پاس آؤٹ ہونے والے تربیت یافتگان کے اہل خانہ موجود تھے۔

بحریہ کے سربراہ نے کہا کہ یہ پریڈ تربیت یافتگان کے کیریئر کا ایک اہم پڑاؤ ہے۔ اب وہ ہندوستانی بحریہ اور ساحلی محافظ دستے میں نظم و ضبط کے پابند، اہل اور سمندری جنگجوؤں کی حیثیت سے شامل ہو رہے ہیں اور سمندر میں زندگی کے چیلنجوں کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں۔آئی این ایس چِلکا سے پاس آؤٹ ہونے والے اگنی ویر کے اس نویں بیچ نے 16 ہفتوں کی سخت تربیت مکمل کی ہے۔ ہندوستانی بحریہ کے سب سے بڑے تربیتی مرکز آئی این ایس چِلکا میں منعقدہ اس پاسنگ آؤٹ پریڈ کا مقصد نوجوان بھرتی شدہ اہلکاروں کو نظم و ضبط کا پابند، جسمانی طور پر چست، ذہنی طور پر مضبوط اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے لیس سمندری جنگجو بنانا ہے۔

تربیت کے دوران انہیں تعلیمی سرگرمیوں، جسمانی مشقوں، تیراکی، پریڈ کی تربیت، بیرونی سرگرمیوں اور کیمپوں میں حصہ لینے کی تربیت دی گئی۔ اس کے علاوہ کردار سازی، قیادت، نظم و ضبط، بھائی چارے اور ٹیم ورک کے ساتھ فرض شناسی، عزت اور جرأت جیسی بحریہ کی بنیادی اقدار بھی سکھائی گئیں۔

پاسنگ آؤٹ پریڈ تربیت یافتگان کے لیے فخر اور کامیابی کا لمحہ رہی، کیونکہ ان کے اہل خانہ نے تربیت کے سفر کے اختتام اور ایک نئے کیریئر کے آغاز کا مشاہدہ کیا۔ تقریب میں بہترین کارکردگی دکھانے والے تربیت یافتگان، چیمپئن ڈویژن اور بہترین انسٹرکٹر کو ان کی نمایاں کارکردگی اور تربیت میں تعاون کے لیے اعزازات سے نوازا گیا۔اس موقع پر تربیت یافتگان کے دو لسانی رسالے ’انکور‘ کی بھی رونمائی کی گئی۔ پاسنگ آؤٹ پریڈ کو بحریہ کے سرکاری سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر براہ راست نشر کیا گیا، جس کے ذریعے ملک بھر کے لوگوں نے اس تقریب کا مشاہدہ کیا۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / Mohammad Khan


 rajesh pande