
کاٹھمنڈو، 13 نومبر (ہ س)۔ ہندوستان کے لیے نیپال کے مجوزہ سفیر ڈاکٹر نشچل ناتھ پانڈے کو نئی دہلی کی جانب سے سفارتی رضامندی (ایگریمو)مل گئی ہے۔ پارلیمانی سماعت کمیٹی سے سفیر کے عہدے کے لیے مجوزہ ناموں کی منظوری ملنے کے بعد حکومت نے ان ناموں کو متعلقہ ممالک کے پاس ایگریمو کے لیے بھیجا تھا۔
وزارت خارجہ کے مطابق 10 مجوزہ سفیروں کے نام ایگریمو کے لیے بھیجے گئے تھے، جن میں سے جمعہ تک تین ممالک سے رضامندی موصول ہوچکی ہے۔ ہندوستان کے لیے ڈاکٹر نشچل ناتھ پانڈے، چین کے لیے ڈاکٹر کلیان راج شرما اور اسرائیل کے لیے سریش کمار کرن کے ناموں کو پارلیمانی سماعت کمیٹی نے منظوری دی تھی۔
متعلقہ ممالک سے ایگریمو ملنے کے بعد اب ان تینوں کی سفیر کے طور پر تقرری کا راستہ صاف ہوگیا ہے۔ صدر کی جانب سے تقرری کی رسمی کارروائی مکمل ہونے کے بعد وہ متعلقہ ممالک میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے جائیں گے۔ وزارت خارجہ کے مطابق پیر تک ان کی تقرری ہونے کا امکان ہے۔
نیپال کے وزیراعظم کے مجوزہ دورہ¿ ہندوستان کی تاریخ بھی قریب آرہی ہے۔ ایسے میں دورے کی تیاریوں اور سفارتی تال میل کے لیے ہندوستان میں نیپالی سفیر کی تقرری ضروری سمجھی جارہی ہے۔ اسی وجہ سے ایگریمو حاصل کرچکے ڈاکٹر پانڈے کی تقرری جلد مکمل کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔امریکہ، برطانیہ اور جرمنی سمیت سات ممالک سے مجوزہ سفیروں کے ایگریمو کا انتظار ہے۔
واضح رہے کہ ایگریمو ایک باضابطہ سفارتی رضامندی ہے، جو کوئی ملک دوسرے ملک کی جانب سے نامزد شخص کو اپنے یہاں سفیر مقرر کیے جانے سے پہلے دیتا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / Mohammad Khan