سی آر پی ایف سربراہ نے سری نگر کے اسپتال میں زخمی ہیڈ کانسٹیبل کی عیادت کی، کولگام حملے میں بہادری کی ستائش
سری نگر، 13 نومبر (ہ س)۔ سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے ڈائریکٹر جنرل جی پی سنگھ نے جمعہ کو سری نگر کے آرمی اسپتال میں ہیڈ کانسٹیبل سونبیر سنگھ کی عیادت کی اور ان کی بہادری کی ستائش کی۔ سونبیر سنگھ کولگام میں دہشت گردوں کے ایک حملے
CRPF Director General Visited Hospital


سری نگر، 13 نومبر (ہ س)۔

سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے ڈائریکٹر جنرل جی پی سنگھ نے جمعہ کو سری نگر کے آرمی اسپتال میں ہیڈ کانسٹیبل سونبیر سنگھ کی عیادت کی اور ان کی بہادری کی ستائش کی۔ سونبیر سنگھ کولگام میں دہشت گردوں کے ایک حملے کے دوران زخمی ہوئے تھے۔

سی آر پی ایف کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ڈائریکٹر جنرل نے وادی کشمیر کے اپنے جاری دورے کے دوران سینئر افسران کے ہمراہ زخمی ہیڈ کانسٹیبل (جنرل ڈیوٹی) سے ملاقات کی۔

سونبیر سنگھ بدھ کو کولگام کے آکھرن علاقے کے نوپورہ میں ہوئے حملے کا جواب دیتے ہوئے شدید زخمی ہو گئے تھے۔ ترجمان نے کہا کہ انہوں نے حملہ آوروں کو پسپا کرنے میں غیر معمولی ہمت اور حاضر دماغی کا مظاہرہ کیا۔

ترجمان نے بتایا کہ ڈائریکٹر جنرل نے ان کے جذبے اور کارروائی کی تعریف کی اور کہا کہ ان کی فوری جوابی کارروائی سے حملہ آوروں کے منصوبے ناکام ہو گئے اور ایک بڑا سانحہ ٹل گیا۔ ڈائریکٹر جنرل نے ان کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعا کی۔

ترجمان کے مطابق ڈائریکٹر جنرل نے زخمی اہلکاروں کو اسپتال منتقل کرنے کے لیے فوری ہیلی کاپٹر مدد فراہم کرنے اور آرمی اسپتال میں معیاری علاج کے لیے ہندوستانی فوج کا شکریہ بھی ادا کیا۔

اس سے قبل ڈائریکٹر جنرل نے کولگام کا دورہ کیا اور وادی میں انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کو تیز کرنے کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے اننت ناگ کے سدورہ میں سی آر پی ایف اور جموں و کشمیر پولیس کے فیلڈ افسران سے بات چیت کی۔ ذرائع کے مطابق وہ آکھرن میں حملے کی جگہ بھی گئے، جہاں انہیں واقعے کے بارے میں بریفنگ دی گئی اور انہوں نے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔

سیکورٹی فورسزکی حملہ آوروں کا سراغ لگانے کے لیے بڑے پیمانے پر کارروائیاں جاری ہیں۔ پوری وادی میں ہائی الرٹ نافذ ہے، جبکہ سری نگر سمیت کئی حساس مقامات پر تلاشی مہم اور گاڑیوں کی چیکنگ بھی جاری ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستھان سماچار / ظہور حسین بٹ


 rajesh pande