
جموں، 12 نومبر (ہ س)۔ ضلع کشتواڑ کے دچھن کے بالائی علاقے سے دو اسپیشل پولیس آفیسرز (ایس پی اوز) لاپتہ ہوگئے، جن کی تلاش کے لیے پولیس اور فوج نے مشترکہ سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
لاپتہ اہلکاروں کی شناخت 57 سالہ بابی چند اور 45 سالہ رشپال کمار کے طور پر ہوئی ہے، جو اسپیشل آپریشن گروپ (ایس او جی) کے ساتھ تعینات تھے اور دچھن کے کیار گاؤں میں ڈیوٹی انجام دے رہے تھے۔
ذرائع کے مطابق دونوں اہلکار کیار کیمپ سے دھارنا، مڑواہ میں قائم فوجی چوکی کی جانب روانہ ہوئے تھے، تاہم مقررہ مقام پر نہیں پہنچ سکے۔ ابتدائی طور پر ان کے موبائل فون رابطے میں تھے، لیکن بعد میں بند ہوگئے۔
اطلاع ملتے ہی پولیس اور راشٹریہ رائفلز نے مشترکہ طور پر بڑے پیمانے پر تلاشی مہم شروع کردی۔ سیکورٹی فورسز کی مختلف ٹیمیں دشوار گزار پہاڑی اور جنگلاتی علاقوں میں تعینات کی گئی ہیں اور دونوں اہلکاروں کی تلاش جاری ہے۔
حکام نے کہا کہ حقائق سامنے آنے سے قبل واقعے کو کسی دہشت گرد سرگرمی سے جوڑنا قبل از وقت ہوگا۔ تاہم، کشتواڑ میں گزشتہ چند برسوں کے دوران دہشت گردی سے متعلق واقعات کے پیش نظر سیکورٹی ایجنسیاں تمام پہلوؤں سے معاملے کی جانچ کر رہی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / محمد اصغر