پنجابی باغ آلودگی ہاٹ اسپاٹ کا نوڈل سکریٹری نے کیا معائنہ، ریلوے سیمنٹ سائیڈنگ یارڈ میں آمد و رفت پر پابندی
نئی دہلی، 12 نومبر (ہ س)۔ مغربی دہلی کے نوڈل سکریٹری روپیش کمار ٹھاکر نے جمعرات کو پنجابی باغ واقع فضائی آلودگی کے ہاٹ اسپاٹ کا معائنہ کرکے آلودگی پر قابو پانے کے لیے کیے جا رہے اقدامات کا جائزہ لیا۔ اس دوران انہوں نے ریلوے سیمنٹ سائیڈنگ یارڈ میں پ
آلودگی


نئی دہلی، 12 نومبر (ہ س)۔ مغربی دہلی کے نوڈل سکریٹری روپیش کمار ٹھاکر نے جمعرات کو پنجابی باغ واقع فضائی آلودگی کے ہاٹ اسپاٹ کا معائنہ کرکے آلودگی پر قابو پانے کے لیے کیے جا رہے اقدامات کا جائزہ لیا۔ اس دوران انہوں نے ریلوے سیمنٹ سائیڈنگ یارڈ میں پہلے جاری کردہ ہدایات پر عمل درآمد کا جائزہ لیا اور متعلقہ محکموں کو آلودگی پر قابو پانے کے لیے مسلسل موثر اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔

قابل ذکر ہے کہ نوڈل سکریٹری نے 28 اکتوبر کو گزشتہ معائنے کے دوران ریلوے سیمنٹ سائیڈنگ یارڈ سے اڑنے والی دھول کے باعث ہونے والی آلودگی کو روکنے کے لیے یارڈ کو سیل کرنے سمیت سخت اقدامات کرنے کی ہدایت دی تھی۔ ان ہدایات پر عمل درآمد کی صورت حال جاننے کے لیے انہوں نے جمعرات کو دوبارہ متعلقہ مقام کا معائنہ کیا۔

معائنے کے دوران پایا گیا کہ ریلوے انتظامیہ نے یارڈ میں بیریکیڈنگ کرکے داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اس کے علاوہ ریلوے پروٹیکشن فورس (آر پی ایف) کی ایک چوکی قائم کرنے کے ساتھ جوانوں کو بھی تعینات کیا گیا ہے، تاکہ احاطے میں کسی بھی طرح کی غیر مجاز آمد و رفت اور سرگرمیوں کو روکا جا سکے۔ نوڈل سکریٹری نے ان انتظامات کو دھول سے ہونے والی آلودگی پر قابو پانے کی سمت میں ایک اہم قدم قرار دیا۔

ٹھاکر نے پنجابی باغ ہاٹ اسپاٹ کے علاوہ دیگر مقامات کا بھی معائنہ کیا۔ اس دوران گاڑیوں سے ہونے والے اخراج، سڑکوں پر اڑنے والی دھول، تعمیراتی اور انہدامی سرگرمیوں، کچرے کے جمع ہونے اور آلودگی کے دیگر مقامی ذرائع کی صورت حال کا جائزہ لیا۔

معائنے کے بعد دہلی میونسپل کارپوریشن کے مغربی زونل دفتر میں ایک تفصیلی جائزہ میٹنگ منعقد کی گئی۔ اس میں افسران نے ہاٹ اسپاٹ کی موجودہ صورت حال، مختلف محکموں کی جانب سے کیے گئے اقدامات اور مستقبل میں مجوزہ اصلاحی کارروائیوں کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔

نوڈل سکریٹری نے تمام متعلقہ محکموں کو آلودگی پر قابو پانے کے لیے سخت اور مسلسل کارروائی یقینی بنانے، باہمی تال میل مضبوط کرنے اور آلودگی کے نشان زدہ ذرائع کی باقاعدگی سے نگرانی کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ جہاں بھی ضرورت ہو، وہاں فوری طور پر اصلاحی اقدامات کیے جائیں۔ موجودہ آلودگی کے موسم میں فضائی معیار میں مسلسل گراوٹ کے پیش نظر تمام محکمے چوکس اور سرگرم رہیں۔

معائنے اور جائزہ میٹنگ کے دوران دہلی میونسپل کارپوریشن کے مغربی زون کے ڈپٹی کمشنر کرنل ونود اتری، اسسٹنٹ کمشنر سوپنل سنگھ ٹھاکر سمیت دہلی آلودگی کنٹرول کمیٹی، دہلی جل بورڈ اور دیگر متعلقہ محکموں کے سینئر افسران اور نمائندے موجود رہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستھان سماچار / عبدالسلام صدیقی


 rajesh pande