
نئی دہلی، 12 نومبر (ہ س)۔ وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے کانگریس لیڈر سیم پترودا اور ان کی اہلیہ کو دیوالی اور نئے سال کی مبارکباد دیے جانے کا معاملہ سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بنا ہوا ہے۔ وزیراعظم نے ایک میڈیا ادارے کے ساتھ پترودا کی گفتگو سے متعلق ایکس پوسٹ شیئر کرتے ہوئے انہیں مبارکباد کا پیغام دیا ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ اس گفتگو میں پترودا وزیراعظم کی تعریف کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔
وزیراعظم نے لکھا، ’’سیم بھائی اور ان کی اہلیہ انجنا بہن کو دیوالی اور نئے سال کی دلی مبارکباد۔ دعا ہے کہ آنے والا سال آپ دونوں کے لیے خوشیوں اور اچھی صحت سے بھرپور ہو۔ جئے جگن ناتھ۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ سیم پترودا انڈین اوورسیز کانگریس کے صدر ہیں اور گاندھی خاندان کے انتہائی قریبی مانے جاتے ہیں۔ وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے انہیں مبارکباد دینا اس لحاظ سے اہم ہے کہ وزیراعظم اپنے کئی سیاسی خطابات میں مختلف موضوعات پر پترودا کے بیانات کو لے کر تنقید کر چکے ہیں۔ اسی وجہ سے کانگریس کو انہیں ان کے عہدے سے ہٹانا بھی پڑا تھا۔
سیم پترودا نے میڈیا سے گفتگو کے دوران وزیراعظم کو اپنا گجراتی دوست قرار دیا اور کہا کہ وہ ذاتی طور پر وزیراعظم کا احترام کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اپنی اہلیہ کے ساتھ وزیراعظم سے ملاقات بھی کر چکے ہیں۔ ان کے مطابق وزیراعظم بہت ملنسار، مہربان، محبت کرنے والے اور دوسروں کا خیال رکھنے والے شخص ہیں۔
وزیراعظم کی تعریف کرتے ہوئے پترودا نے کہا، ’’وہ ایک اچھے مقرر اور محنتی انسان ہیں اور ان کے ساتھ میرے اچھے تعلقات ہیں۔ ہمارے درمیان کوئی ذاتی اختلاف نہیں ہے۔ ایک گجراتی رہنما، دوست یا خیرخواہ کے طور پر ان کے تئیں میرے دل میں کوئی دشمنی بھی نہیں ہے۔ وہ میرے ساتھ بھی بہت محبت سے پیش آئے ہیں اور میں اس کی قدر کرتا ہوں۔‘‘
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / عبدالواحد