میڈیا سے وزیراعظم مودی کی اپیل، 2047 تک وکست بھارت بنانے میں اہم کردار ادا کرے
نئی دہلی، 12 نومبر (ہ س)۔ وزیراعظم نریندر مودی نے جمعرات کو میڈیا برادری سے اپیل کی کہ وہ ہندوستان کی کامیابیوں اور ملک کے شہریوں کی کامیابی کی کہانیوں کو نمایاں طور پر پیش کرے۔ انہوں نے کہا کہ 2047 تک وکست بھارت بنانے کا ہدف صرف حکومت کا نہیں بلکہ
میڈیا


میڈیا سے وزیراعظم مودی کی اپیل، 2047 تک وکست بھارت بنانے میں اہم کردار ادا کرے


نئی دہلی، 12 نومبر (ہ س)۔ وزیراعظم نریندر مودی نے جمعرات کو میڈیا برادری سے اپیل کی کہ وہ ہندوستان کی کامیابیوں اور ملک کے شہریوں کی کامیابی کی کہانیوں کو نمایاں طور پر پیش کرے۔ انہوں نے کہا کہ 2047 تک وکست بھارت بنانے کا ہدف صرف حکومت کا نہیں بلکہ پورے ملک کا عزم ہے اور اس مہم میں میڈیا کا کردار انتہائی اہم ہوگا۔ وزیراعظم نے یہ بات بی جے پی ہیڈکوارٹر میں صحافیوں کے لیے منعقدہ دیوالی ملن تقریب میں کہی۔ اس موقع پر بی جے پی صدر نتن نوین، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، راج ناتھ سنگھ، جے پی نڈا، اشونی ویشنو، منسکھ مانڈویا، دہلی کی وزیراعلیٰ ریکھا گپتا اور دہلی بی جے پی کے ریاستی صدر ہرش ملہوترا سمیت کئی رہنما موجود تھے۔ وزیراعظم نے صحافیوں کو دیوالی کی مبارکباد دیتے ہوئے ’نان بریکنگ نیوز‘ پروگرام میں شرکت کے لیے ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے صحافیوں کے مصروف معمولات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تہواروں کے موقع پر ہر شخص اپنے خاندان کے ساتھ وقت گزارنا چاہتا ہے، لیکن صحافی بریکنگ نیوز کی تلاش میں مسلسل مصروف رہتے ہیں۔ انہوں نے میڈیا کے ساتھ اپنے پرانے تعلقات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ پریس ریلیز کے دور سے لے کر انسٹاگرام ریلز تک میڈیا میں آنے والی تبدیلیوں کو انہوں نے قریب سے دیکھا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ جس طرح صحافیوں کی زندگی میں ڈیڈ لائن کی اہمیت ہوتی ہے، اسی طرح ملک بھی اب ایک مقررہ وقت کی حد کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔ یہ ڈیڈ لائن 2047 ہے، جب ہندوستان کی آزادی کے 100 سال مکمل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ہندوستان کا خواب آزادی کے وقت سے ہی ملک کے ساتھ رہا ہے، لیکن اب اسے پورا کرنے کے لیے ایک مقررہ تاریخ طے کی گئی ہے۔ ہمیں آزادی کے 100 سال مکمل ہونے سے پہلے ہندوستان کو ترقی یافتہ ملک بنانا ہے۔ تاہم، 2047 کی ڈیڈ لائن کا مطلب یہ نہیں ہے کہ ملک اس وقت تک انتظار کرے، بلکہ ہمیں ابھی سے چھوٹے اور بڑے اہداف طے کرکے انہیں حاصل کرنے کی کوشش کرنی ہوگی۔ وزیراعظم نے ہندوستان کی سائنسی، تکنیکی اور اقتصادی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے چاند کے جنوبی قطب کے قریب کامیاب لینڈنگ، دنیا کا دوسرا سب سے بڑا موبائل فون بنانے والا ملک بننے، چناب ندی پر دنیا کا سب سے اونچا ریلوے آرچ برج تعمیر کرنے اور شمسی توانائی کی پیداواری صلاحیت میں 50 گنا سے زیادہ اضافے جیسی کامیابیوں کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے محض 12 برسوں میں دنیا کا تیسرا سب سے بڑا اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم تیار کیا ہے۔

وزیراعظم مودی نے میڈیا سے اپیل کی کہ وہ ہندوستان کی کامیابیوں اور عام شہریوں کی کامیابی کی کہانیوں کو نمایاں طور پر پیش کرے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی کامیابیوں کو دنیا تک پہنچانا میڈیا کی جانب سے انجام دی جانے والی ایک بڑی قومی خدمت ہوگی۔ وزیراعظم نے نشے کی بڑھتی ہوئی پریشانی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے میڈیا سے اس سمت میں بیداری مہم چلانے کی بھی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے نوجوانوں کو نشے کی گرفت سے باہر نکالنا انتہائی ضروری ہے۔ جب میڈیا سماجی سروکاروں اور ملک میں اتحاد کو فروغ دینے والے موضوعات کو اپنے پلیٹ فارم اور مباحثوں میں جگہ دے گا تو ترقی یافتہ ہندوستان کی مہم کو مزید رفتار ملے گی۔ اس موقع پر بی جے پی صدر نتن نوین نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی ہر سال ملک کے فوجی جوانوں کے ساتھ دیوالی مناتے ہیں۔ اس بار نکسل ازم کے خاتمے کے بعد بستر میں نکسل ازم سے متاثرہ لوگوں کے ساتھ دیوالی ملن پروگرام میں شریک ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ سال 2015 کے بعد وزیراعظم مودی نے دیوالی کے تہوار کو عالمی سطح پر ہندوستانی ثقافت کی شناخت بنانے کا کام کیا ہے۔ یوگا کو عالمی شناخت دلانے کے ساتھ ہندوستانی تہواروں اور روایات کو بھی دنیا کے سامنے پیش کیا گیا ہے۔

اس موقع پر نتن نوین نے کہا کہ وزیراعظم کے ’ووکَل فار لوکل‘ کے نعرے سے ہندوستانی مصنوعات، روایات اور ثقافت کو نئی شناخت مل رہی ہے۔ حکومت کی اسکیموں کے ذریعے ہر گھر تک روشنی اور ترقی کی سہولتیں پہنچ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے سامنے 2047 کی ایک بڑی ڈیڈ لائن ہے اور آزادی کے 100 سال مکمل ہونے سے پہلے ملک کو ترقی یافتہ قوم بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ ان کے مطابق وقت کے ساتھ ترجیحات اور کام کرنے کی رفتار بدلتی رہتی ہے، لیکن آج ہندوستان جس رفتار سے آگے بڑھ رہا ہے، اسے دیکھتے ہوئے ترقی یافتہ ہندوستان کا ہدف حاصل کرنا ممکن ہے۔ تقریب کے اختتام پر وزیراعظم صحافیوں سے ملے اور ان کے ساتھ بات چیت کی۔ انہوں نے صحافیوں کی جانب سے دی گئی مبارکباد اور خیرمقدم کا ہاتھ جوڑ کر جواب دیا اور سب کے ساتھ سیلفی بھی لی۔ وزیراعظم کے ساتھ موجود مرکزی وزراء نے بھی صحافیوں کے ساتھ سیلفی لی اور مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستھان سماچار / عبدالواحد


 rajesh pande