
ساہیوال(پنجاب)، پاکستان، 12 نومبر (ہ س)۔
پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق نے بدھ کے روز کہا کہ ہر منتخب نمائندے کو پارلیمنٹ میں اظہار خیال کرنے اور عوامی مسائل اٹھانے کا آئینی حق حاصل ہے، لیکن کسی بھی رکن کو ایوان کے پلیٹ فارم کا استعمال حکومت، عدلیہ یا مسلح افواج کے خلاف بیان بازی کے لیے کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
قومی اسمبلی کے اسپیکر نے یہ بات یہاں آفیسرز کالونی میں سابق رکن قومی اسمبلی مرحوم چودھری محمد اشرف کی رہائش گاہ پر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
روزنامہ ڈان کی رپورٹ کے مطابق، اسپیکر نے مرحوم رہنما کے داماد میاں غفارالحق سے ملاقات کی اور مرحوم کی مغفرت کے لیے دعا کی۔
پارلیمنٹ کے کام کاج کا ذکر کرتے ہوئے ایاز صادق نے کہا کہ قومی اسمبلی جمہوری اقدار کے فروغ اور قانون سازی کے عمل میں حکومت اور اپوزیشن دونوں کی بامعنی شرکت کو یقینی بنانے کے لیے پابند عہد ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کوئی ربڑ اسٹیمپ یعنی محض نام کی نمائندہ ادارہ نہیں ہے، بلکہ ایک فعال جمہوری پلیٹ فارم ہے، جو جمہوری روایات کو مضبوط بنانے، پارلیمانی ضابطوں کا تحفظ کرنے اور تمام سیاسی نظریات کی نمائندگی یقینی بنانے میں مؤثر کردار ادا کرتا ہے۔
ایاز صادق نے کہا کہ اپوزیشن کو ایوان میں اپنی بات رکھنے کا پورا موقع دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اہم مواقع پر اظہار خیال کے لیے مختص وقت آٹھ گھنٹے سے بڑھا کر 13 گھنٹے کردیا گیا ہے، تاکہ زیادہ سے زیادہ ارکان کو شرکت کا موقع ملے اور غیر جانبداری و پارلیمانی انصاف کے اصول برقرار رہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ افسوس ناک ہوگا اگر اپوزیشن کے ارکان پارلیمانی کمیٹیوں میں شامل نہ ہوں اور ان کی کارروائی میں اپنا تعاون پیش نہ کریں۔ ایاز صادق نے کہا، ’’میں ایسا اسپیکر بننا چاہتا ہوں جس پر کوئی تنازع نہ ہو۔‘‘
حالیہ سیاسی حالات پر تبصرہ کرتے ہوئے اسپیکر نے حکومت گرانے کی کوششوں سے متعلق دعوؤں کو مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی باتیں اکثر وہ افراد یا گروہ پھیلاتے ہیں جو انتخابی عمل کے ذریعے عوام کی حمایت حاصل کرنے میں ناکام رہتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ جمہوری اداروں کو آئینی اور پارلیمانی طریقوں سے مضبوط بنایا جانا چاہیے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ