
حیدرآباد ،12 نومبر(ہ س)۔
تلنگانہ حکومت نے ہائی کورٹ کوبتایا ہے کہ اس وقت اس کے پاس اراضی معاوضہ کی مد میں40 ہزار کروڑروپے ادا کرنے کی گنجائش نہیں ہے،حالانکہ متاثرہ اراضی مالکان کے لیے اتنی رقم کےٹوکن جاری کیے جاچکے ہیں۔ فینانس ڈپارٹمنٹ کے پرنسپل سکریٹری سندیپ کمارسلطانیہ نے ہائی کورٹ میں ورچوئل سماعت کے دوران یہ بات بتائی۔قبل ازیں ریاست میں مختلف سرکاری منصوبوں کے لیے جن افراد کی زمینیں حاصل کی گئی تھیں،انہیں معاوضہ ادا نہ کیے جانے پرکئی متاثرین نے ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ متاثرین کا کہنا تھا کہ اراضیات حاصل کرنے کے باوجود انہیں معاوضہ نہیں دیاگیا۔عدالت نے سابقہ احکامات کے باوجود معاوضہ ادا نہ کیے جانے پرسخت نوٹ لیتے ہوئے فینانس ڈپارٹمنٹ کے پرنسپل سکریٹری سندیپ کمارسلطانیہ کوشخصی طورپرحاضرہوکروضاحت دینے کی ہدایت دی تھی۔
چنانچہ سندیپ کمارسلطانیہ نے ورچوئل طورپرسماعت میں شرکت کرتے ہوئے عدالت کوبتایا کہ اراضی معاوضہ کےلیے40 ہزار کروڑروپے کے ٹوکن جاری کیے گئے ہیں، تاہم حکومت فی الحال یہ رقم ادا کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔
انہوں نے مزیدکہا کہ زیرالتواء معاوضہ کی ادائیگی میں کم ازکم چھ ماہ لگ سکتے ہیں اوراس تاخیرکی وجہ حکومت کی مالی مشکلات ہیں۔
دلائل کی سماعت کے بعد ہائی کورٹ نے حکومت کو ہدایت دی کہ عدالت میں زیرالتواء معاوضہ کے کم ازکم 51 کروڑروپے12 ہفتوں کےاندر ادا کیے جائیں۔
عدالت نے یہ بھی حکم دیا کہ ایک حلف نامہ داخل کیاجائے،جس میں واضح طورپربتایا جائے کہ ہرمتاثرہ اراضی مالک کوکتنی معاوضہ رقم ادا کی جانی ہے۔اس معاملے نے تلنگانہ میں اراضی حصول کے بعد معاوضہ کی عدم ادائیگی اورریاست کی مالی صورتحال کو ایک بار پھرعدالتی جانچ کے دائرے میں لا کھڑاکیاہے
۔ ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / محمدعبدالخالق