
نئی دہلی، 12 نومبر (ہ س)۔ مرکزی وزارت سماجی انصاف و تفویض اختیارات کے نشہ مخالف مہم سے متعلق اہم پروگرام ’نشہ مکت بھارت ابھیان‘ (این ایم بی اے) اب تک ملک بھر میں 35.88 کروڑ سے زائد افراد تک پہنچ چکا ہے۔ اس ملک گیر عوامی تحریک کے ذریعے 14.35 کروڑ سے زیادہ نوجوانوں اور 11.33 کروڑ خواتین کو نشے کے مضر اثرات کے بارے میں بیدار کیا گیا ہے۔ وزارت کے مطابق، اس مہم کا ایک اہم ستون ’نشہ مکتی متر‘ پہل ہے، جس کے تحت سماجی رضاکاروں کا ایک نیٹ ورک تیار کیا جا رہا ہے، جو لوگوں کو نشہ چھوڑنے اور علاج کرانے کے لیے ترغیب دے رہے ہیں۔ ملک میں نشے سے نجات کے لیے علاج اور مشاورت حاصل کرنے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ یہ تعداد 2020-21 میں 2.08 لاکھ تھی، جو 2025-26 میں بڑھ کر 9.11 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ فی الحال ملک بھر میں مجموعی طور پر 198 ضلعی نشہ مکتی مراکز کام کر رہے ہیں۔
وزارت کے مطابق، ابتدا میں اس مہم کو نشے کی سنگین پریشانی سے متاثرہ 272 اضلاع میں نافذ کیا گیا تھا۔ بعد ازاں اگست 2022 میں اس کا دائرہ بڑھا کر 372 اضلاع تک کر دیا گیا اور 15 اگست 2023 سے اسے ملک کے تمام اضلاع میں نافذ کر دیا گیا۔ سال 2021 میں یہ مہم تقریباً 1.4 کروڑ افراد تک پہنچی تھی، جس کا دائرہ اب بڑھ کر 35.88 کروڑ سے زیادہ ہو گیا ہے۔ مہم کے تحت نئی نسل کو نشے کے مضر اثرات سے بچانے کے لیے تعلیمی اداروں میں اب تک 34.07 لاکھ سے زائد بیداری سرگرمیاں منعقد کی جا چکی ہیں۔ اس مہم میں ریاستوں، اضلاع، تعلیمی اداروں اور سماجی تنظیموں نے فعال کردار ادا کیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ سال 2018 میں کیے گئے پہلے قومی سروے میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ ملک میں سات کروڑ سے زائد افراد نشہ آور اشیا کے استعمال سے متعلق عوارض سے متاثر ہیں، جن میں تقریباً 1.2 کروڑ بچے اور 58 لاکھ خواتین شامل ہیں۔ اس سنگین چیلنج سے نمٹنے کے لیے وزارت نے ’نیشنل ایکشن پلان فار ڈرگ ڈیمانڈ ریڈکشن‘ (این اے پی ڈی ڈی آر) کے تحت روک تھام، علاج اور بازآبادکاری پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے 15 اگست 2020 کو اس مہم کا آغاز کیا تھا۔ گزشتہ چھ برسوں میں یہ مہم ایک ادارہ جاتی پہل سے آگے بڑھ کر عوامی شراکت داری پر مبنی تحریک بن چکی ہے۔ اس مہم سے وابستہ ہوتے ہوئے دو لاکھ سے زائد شہریوں نے ’نشہ مکتی متر‘ کے طور پر اپنا اندراج کرایا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / عبدالواحد