
نیپال میں بس حادثہ، چھٹھ منانے جا رہے ایک ہی گاؤں کے 10 افراد ہلاک، 6 زخمی
کاٹھمانڈو، 12 نومبر (ہ س)۔ نیپال کے ضلع مکوان پور میں جمعرات کی صبح سڑک حادثے میں 10 افراد کی موت ہو گئی، جبکہ 6 دیگر زخمی ہو گئے۔ یہ حادثہ صبح تقریباً 6.10 بجے پیش آیا، جب کاٹھمانڈو سے سرلاہی جا رہی ایک گاڑی بے قابو ہو کر سڑک سے تقریباً 700 میٹر نیچے کھائی میں جا گری۔ پولیس کے مطابق، حادثے کا شکار گاڑی میں 16 افراد سوار تھے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی مسلح پولیس فورس کے بھیم پھیدی سیکورٹی بیس سے ڈی ایس پی کی قیادت میں امدادی ٹیم جائے حادثہ پر پہنچ گئی۔ نیپالی فوج اور نیپال پولیس کی مشترکہ ٹیم بھی راحت اور بچاؤ کے کاموں میں مصروف ہو گئی۔ حادثے میں جان گنوانے والوں میں 5 مرد، 3 خواتین اور 2 بچیاں شامل ہیں۔ مکوان پور پولیس کے مطابق، حادثے میں 5 افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں 3 مرد اور 2 بچے شامل ہیں۔
ابتدائی معلومات کے مطابق، چھٹھ تہوار منانے کے لیے سرلاہی میں واقع اپنے گاؤں واپس جا رہے مسافروں کی الیکٹرک مائیکرو بس بھیم پھیدی میں حادثے کا شکار ہو گئی۔ حادثے میں زخمی سرلاہی کے چکر گھٹہ گاؤں پالیکا کے رہنے والے مکیش یادو نے بتایا کہ وہ لوگ 2 گاڑیوں میں سوار ہو کر گاؤں جا رہے تھے۔ ان میں سے آگے چلنے والی گاڑی حادثے کا شکار ہو گئی۔ پیچھے آ رہی دوسری گاڑی میں سوار لوگوں نے پولیس کو حادثے کی اطلاع دی۔
بتایا گیا ہے کہ حادثے کا شکار گاڑی میں سوار تمام افراد پھلوں کے کاروبار سے وابستہ خاندانوں سے تعلق رکھتے تھے۔ مکیش یادو کے مطابق، چھٹھ منانے کے لیے وہ کل 15 افراد ایک گاڑی میں سوار ہو کر گاؤں واپس جا رہے تھے۔ ہیٹونڈا اسپتال میں زیر علاج مکیش نے بتایا کہ انہوں نے للت پور کے ٹیکا تھلی سے الیکٹرک گاڑی بک کی تھی اور رات تقریباً 2 بجے گاؤں کے لیے روانہ ہوئے تھے۔ گاڑی میں سوار زیادہ تر افراد ایک ہی گاؤں کے پڑوسی اور رشتہ دار تھے۔
حادثے میں مکیش کے سر اور پیٹھ پر چوٹیں آئی ہیں، تاہم ان کی حالت معمول کے مطابق بتائی گئی ہے۔ سَکشم کے جسم پر اندرونی چوٹیں آئی ہیں اور ان کی حالت بھی معمول کے مطابق ہے۔ وہیں، ایک دیگر زخمی سودن کے سر اور منہ پر چوٹ لگی ہے اور ان کی حالت درمیانی درجے کی ہے۔ یہ اطلاع مسلح پولیس فورس کے معاون ترجمان شیلیندر تھاپا نے دی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / انظر حسن