ایل جی منوج سنہا نے وئیر ہاوس اور شیو مارکیٹ کا دورہ کرکے آتشزدگی کے متاثرین سے ملاقات کی۔
جموں, 12 نومبر (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعرات کو جموں کے گودام، نہرو مارکیٹ اور شیو مارکیٹ کا دورہ کرکے حالیہ آتشزدگی سے متاثرہ دکانوں اور تاجروں کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران لیفٹیننٹ گورنر نے متاثرہ دکانداروں اور تاجر
Lg visit


جموں, 12 نومبر (ہ س)۔

جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعرات کو جموں کے گودام، نہرو مارکیٹ اور شیو مارکیٹ کا دورہ کرکے حالیہ آتشزدگی سے متاثرہ دکانوں اور تاجروں کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران لیفٹیننٹ گورنر نے متاثرہ دکانداروں اور تاجر برادری سے ملاقات کی اور ان کے نقصانات اور مسائل کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے ریڈ کراس کی جانب سے ہر متاثرہ دکاندار کو ایک لاکھ روپے کی فوری مالی امداد دینے کا اعلان کیا۔ گودام کے متاثرہ تاجروں کو مجموعی طور پر 11 لاکھ روپے جبکہ شیو مارکیٹ کے متاثرہ دکانداروں کو 27 لاکھ روپے کی امداد فراہم کی گئی۔

منوج سنہا نے کہا کہ نقصانات کے مقابلے میں یہ امداد بہت کم ہے، تاہم مشکل وقت میں متاثرہ تاجروں کو کچھ سہارا فراہم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈویژنل کمشنر جموں اور ڈپٹی کمشنر جموں متاثرہ دکانداروں کو انشورنس کلیمز جلد حاصل کرنے میں مدد کر رہے ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے متعلقہ افسران کو نقصانات کا تخمینہ جلد مکمل کرنے اور متاثرین کو فوری ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے بڑے تجارتی مراکز میں فائر سیفٹی انتظامات کا ازسرنو جائزہ لینے اور انہیں مزید مؤثر بنانے پر بھی زور دیا۔

انہوں نے تاجر برادری کو یقین دلایا کہ انتظامیہ کاروبار دوبارہ بحال کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔دریں اثنا، گودام اور نہرو مارکیٹ میں آتشزدگی کی وجوہات کا پتہ لگانے کے لیے انسپکٹر جنرل جموں اور ڈویژنل کمشنر جموں پر مشتمل انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ کمیٹی کو کسی بھی غفلت یا کوتاہی کی نشاندہی کرتے ہوئے ذمہ داری طے کرنے اور 15 دن کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ تحقیقات غیر جانبدارانہ ہوں گی اور غفلت ثابت ہونے کی صورت میں ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستھان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande