فضائیہ کے کمانڈر کامیکازی ڈرون آپریشنز کے لیے ہمیشہ تیار رہیں: راج ناتھ سنگھ
ممکنہ خطرات سامنے آنے سے پہلے ان کی شناخت کرنے کی ضرورت پر بھی زور نئی دہلی، 12 نومبر (ہ س)۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے جمعرات کو مسلح افواج سے اپیل کی کہ وہ اپنی ”اچانک حملے کی صلاحیت“ (ایلیمنٹ آف سرپرائز) کو مضبوط بنائے رکھیں، تاکہ تیزی سے ہون
فضائیہ


- ممکنہ خطرات سامنے آنے سے پہلے ان کی شناخت کرنے کی ضرورت پر بھی زور

نئی دہلی، 12 نومبر (ہ س)۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے جمعرات کو مسلح افواج سے اپیل کی کہ وہ اپنی ”اچانک حملے کی صلاحیت“ (ایلیمنٹ آف سرپرائز) کو مضبوط بنائے رکھیں، تاکہ تیزی سے ہونے والی تکنیکی ترقی اور جدید جنگ کی بدلتی ہوئی نوعیت سے پیدا ہونے والے روایتی اور نئے خطرات کے خلاف آپریشنل تیاری برقرار رکھی جا سکے۔ انہوں نے انٹیلی جنس اور نگرانی کی صلاحیتوں کو مسلسل مضبوط کرنے، مختلف نظاموں کے درمیان تال میل بڑھانے اور ممکنہ خطرات سامنے آنے سے پہلے ان کی شناخت کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے آپریشن، انتظامیہ اور ایرو اسپیس سکیورٹی کے لیے تیار کردہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی ایپلی کیشنز بھی لانچ کیں۔

نئی دہلی میں ایئر فورس کمانڈرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے نگرانی اور ڈرون مخالف کارروائیوں کے حوالے سے اعلیٰ سطح کی تیاری برقرار رکھنے کی ہدایت دی۔ وزیر دفاع نے کہا کہ ہماری دفاعی افواج کو ایسی صلاحیتیں اور طریقہ کار تیار کرنے چاہئیں، جن سے دشمن کو ردعمل ظاہر کرنے یا سنبھلنے کا موقع ہی نہ ملے۔ اس کے ساتھ یہ بھی یقینی بنانا ہوگا کہ دشمن کی کسی اچانک کارروائی سے ہم کبھی حیران نہ ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اچانک حملہ کئی طرح سے ہو سکتا ہے، روایتی بھی اور الیکٹرانک بھی۔ ہمارے انٹیلی جنس اور نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط بنانا ہوگا اور آپریشنل تیاری میں اضافہ کرنا ہوگا، تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ ہمارے اہلکار کسی بھی نئے چیلنج کا مو¿ثر جواب دینے کے لیے چوکس، مستعد اور تیار رہیں۔

راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ آج کل جنگیں روایتی میدان جنگ سے آگے بڑھ کر غیر رابطہ جنگی شعبوں تک پھیل رہی ہیں، جن میں میزائل، ڈرون اور جدید ہتھیاروں کے نظام اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ روس-یوکرین اور اسرائیل-حماس جنگوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈرون اور فضائی دفاعی نظام جدید جنگ کے لازمی حصے بن کر ابھرے ہیں۔

وزیر دفاع نے ہندوستانی فضائیہ سے الیکٹرانک، سائبر اور خلائی شعبوں سمیت جنگ کے نئے میدانوں کے لیے خصوصی نظریات اور نظام تیار کرنے کو کہا۔ انہوں نے زور دیا کہ ان شعبوں میں بہتر تیاری سے مستقبل کے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت مضبوط ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ مستقبل کی جنگوں میں کامیابی کا انحصار صرف طیاروں کی تعداد پر نہیں ہوگا، بلکہ ٹیکنالوجی کی ترقی، جواب دینے کی رفتار اور تیاری کی درستگی بھی اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کمانڈروں سے کہا کہ وہ ان نئے چیلنجوں کو اپنی بنیادی ترجیحات میں شامل کریں اور انہیں آپریشنل منصوبہ بندی کا حصہ بنانے پر توجہ دیں۔

راج ناتھ سنگھ نے بتایا کہ دفاعی افواج تبدیلی کے دور سے گزر رہی ہیں، جس میں تنظیمی ڈھانچے، مشترکہ کارروائیوں اور انضمام کے ساتھ ساتھ آپریشنل تصورات جیسے اہم شعبوں میں اصلاحات شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بدلتے ہوئے سکیورٹی ماحول کے پیش نظر مسلسل تبدیلی اور فوجی تیاریوں کے لیے مستقبل پر مبنی سوچ اپنانا ضروری ہے۔

وزیر دفاع نے آپریشن سندور کے دوران اور اس کے بعد اپنے نظریات اور آپریشنل طریقہ کار کو مو¿ثر انداز میں نافذ کرنے کے لیے فضائی جنگجوو¿ں کو سونپی گئی ذمہ داریوں کو کامیابی سے پورا کرنے پر ان کے پیشہ ورانہ رویے، تحمل اور دانش مندی کی تعریف کی۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن کے دوران حاصل ہونے والے تجربات اور اسباق فضائیہ کے بدلتے ہوئے آپریشنل طریقہ کار میں واضح طور پر نظر آئے ہیں۔ یہ اسباق دفاعی افواج میں ہونے والی وسیع تبدیلیوں کی رفتار اور سمت کا تعین کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ فوجی منصوبہ بندی اور آپریشنل سرگرمیوں کی رہنمائی کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رہنی چاہئیں۔

ایئر فورس کمانڈرز کانفرنس میں وزیر مملکت برائے دفاع سنجے سیٹھ، فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل آشو توش دکشت، دفاعی سکریٹری راجیش کمار سنگھ، سکریٹری (دفاعی پیداوار) سنجیو کمار اور سکریٹری (دفاعی مالیات) وشوجیت سہائے بھی شریک ہوئے۔

فضائیہ کی تمام کمانوں کے ایئر آفیسرز کمانڈنگ اِن چیف، تمام پرنسپل اسٹاف آفیسرز اور تمام ڈائریکٹر جنرل بھی دو روزہ کانفرنس میں شرکت کر رہے ہیں۔ اس سال کانفرنس کا موضوع ”بااختیار بنانے کا سال: اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کے ذریعے کارکردگی کو زیادہ سے زیادہ بنانا“ ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستھان سماچار / عبدالسلام صدیقی


 rajesh pande