
نئی دہلی، 12 نومبر (ہ س)۔
دہلی میں فضائی آلودگی کی سطح تشویشناک بنی ہوئی ہے۔ جمعرات کو دہلی کا ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 313 درج کیا گیا، جو ’انتہائی خراب‘ زمرے میں آتا ہے۔ وہیں پہاڑی علاقوں میں برف باری اور میدانی علاقوں میں بوندا باندی ہونے کے امکانات ہیں۔
مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق راجدھانی کے علاوہ این سی آر کے دیگر شہروں میں بھی ہوا کا معیار خراب رہا۔ غازی آباد میں اے کیو آئی 297، نوئیڈا میں 291 اور گریٹر نوئیڈا میں 257 درج کیا گیا۔
ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق دہلی-این سی آر میں اگلے تین دنوں تک صبح کے وقت دھند یا ہلکا کہرا چھائے رہنے کا امکان ہے۔ 13 نومبر کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 سے 30 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم درجہ حرارت 16 سے 18 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔ 14 اور 15 نومبر کو درجہ حرارت میں معمولی کمی کے ساتھ زیادہ سے زیادہ پارہ 26 سے 29 ڈگری اور کم سے کم پارہ 15 سے 18 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کشمیر ڈویژن اور اس کے آس پاس زیریں ٹراپوسفیئر میں ایک مغربی دباو¿ (ویسٹرن ڈسٹربنس) سرگرم ہے۔ اس کے اثر سے 13 نومبر کو جموں و کشمیر، لداخ، گلگت بلتستان اور مظفرآباد میں بڑے پیمانے پر بارش اور برف باری کا امکان ہے، جبکہ 14 نومبر تک 40 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ 13 سے 15 نومبر کے درمیان ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ میں بعض مقامات پر بارش اور آندھی طوفان کا امکان ہے۔ میدانی علاقوں میں 13 نومبر کو پنجاب اور 14 سے 15 نومبر کو مغربی راجستھان کے کچھ علاقوں میں ہلکی بارش اور تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ