
حیدرآباد ،12 نومبر(ہ س)۔
ایگریکلچریونیورسٹی کے متنازعہ وائس چانسلرالداس جنیاہ کے خلاف ایک خاتون پروفیسرکی جانب سے عائد کردہ جنسی ہراسانی کے الزامات کی تحقیقات کا گورنرنے حکم دیا ہے۔ یونیورسٹی میں احتجاج اورکارروائی کے مطالبات کے بعد حکومت نے چاررکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔گورنرکی ہدایت پرتشکیل دی گئی اس کمیٹی کی صدارت اسٹیٹ ویئر ہاؤسنگ کارپوریشن کی منیجنگ ڈائریکٹرکے لکشمی کریں گی۔ کمیٹی میں آئی اے ایس افسران گوپی،راہل راج اورپراجل کے علاوہ این جی اوکی نمائندہ سنیتا کرشنن کوشامل کیا گیا ہے۔ کمیٹی کو 15 دن کے اندرجامع رپورٹ پیش کرنےکی ہدایت دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ شکایت کنندہ خاتون پروفیسرکی سلامتی اورتحفظ کو یقینی بنانے کےلیے ضروری اقدامات کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔دوسری جانب متاثرہ خاتون پروفیسرنے الزام عائد کیا ہے کہ سرکاری عہدیدارملزم کوبچانے کی کوشش کررہے ہیں۔ان کا کہناہے کہ ڈائرکٹرجنرل آف پولیس(ڈی جی پی) کوشکایت پیش کیے ہوئے 15 دن گزرنے کے باوجود اب تک ایف آئی آردرج نہیں کی گئی ہے۔
یونیورسٹی میں اس معاملے پراحتجاج میں شدت آنے کے بعدحکومت کو تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دینی پڑی۔ گورنرکی مداخلت کے بعد اب اس معاملے کی باضابطہ تحقیقات شروع ہونے کی توقع ہے۔
ادھر تلنگانہ اسٹیٹ ویمنس کمیشن نے بھی اپنی تحقیقات کے سلسلے میں وائس چانسلر الداس جنیاہ کو آج پوچھ تاچھ کے لیے حاضر ہونے کی ہدایت دی ہے۔
اس واقعہ کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالات اٹھ رہے ہیں اورخاتون پروفیسرکو تحفظ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ معاملے کی منصفانہ تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔
۔ ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / محمدعبدالخالق