
نئی دہلی، 12 نومبر (ہ س)۔
1984 کے سکھ قتل عام اور بھگوان شری رام و ہنومان جی کے حوالے سے سیم پترودا کے بیان پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے کانگریس پر سخت حملہ کیا ہے۔ راجیہ سبھا کے رکن اور بی جے پی کے دفتر انچارج ترون چغ نے کانگریس کی نظریاتی سوچ پر سوال اٹھاتے ہوئے اسے رام مخالف اور غیر حساس قرار دیا۔
چغ نے کہا کہ 1984 کا تشدد محض فسادات کا معاملہ نہیں بلکہ ہندوستانی تاریخ کا ایک انتہائی دردناک باب ہے۔ اس تشدد میں ہزاروں خاندانوں نے اپنے عزیزوں کو کھو دیا تھا۔ متاثرہ خاندان آج بھی انصاف کے منتظر ہیں۔
جمعرات کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں ترون چغ نے کہا کہ راہل گاندھی کے سیاسی رہنما اور کانگریس کے اہم خارجہ امور کے نمائندوں میں شامل سیم پترودا نے ایک بار پھر کانگریس کی گہری بے حسی اور نظریاتی تکبر کو بے نقاب کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپنے حالیہ انٹرویو میں 1984 کے سکھ قتل عام سے متعلق سوالات سے بچتے ہوئے پترودا ملک کو یہ کہتے ہوئے آگے بڑھنے کا مشورہ دیتے ہیں کہ اس واقعے کو 40 سال گزر چکے ہیں۔ اتنا ہی نہیں، وہ یہ سوال بھی اٹھاتے ہیں کہ ہمیں بھگوان شری رام کے زمانے کے واقعات پر گفتگو کیوں کرنی چاہیے یا ہنومان جی نے پہاڑ کیوں اٹھایا تھا، اس پر بات کرنے کی کیا ضرورت ہے؟
چغ کے مطابق اس طرح کے تبصرے کانگریس کی سوچ کے غیر حساس پہلوو¿ں کو اجاگر کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 1984 میں ہندوستان کے 50 سے زیادہ شہروں میں سکھوں کا قتل عام کیا گیا تھا۔ مردوں کو گھروں سے گھسیٹ کر باہر نکالا گیا اور ان کے گلے میں جلتے ہوئے ٹائر ڈال کر انہیں زندہ جلا دیا گیا۔ خواتین نے اپنے شوہروں کو کھویا، بچے یتیم ہوئے، گھر اور کاروبار تباہ کر دیے گئے اور بے شمار خاندانوں کی زندگیاں برباد ہو گئیں۔ آج بھی کئی نسلیں اس درد اور سانحے کا بوجھ اٹھا رہی ہیں۔
اس کے باوجود کانگریس میں اتنی ہمت ہے کہ وہ متاثرہ خاندانوں سے کہتی ہے کہ اب آگے بڑھ جائیے۔
انہوں نے سوال کیا کہ 2019 میں پترودا کے متنازعہ بیان ’ہوا تو ہوا‘ سے لے کر ان کے تازہ تبصروں تک، آخر کانگریس کی جانب سے غیر مشروط معافی کہاں ہے؟ جوابدہی کہاں ہے؟ پچھتاوا کہاں ہے؟
چغ نے کہا کہ دیوالی کے مقدس موقع پر بھگوان شری رام اور ہنومان جی کے حوالے سے پترودا کا توہین آمیز تبصرہ قابل اعتراض ہے۔ یہ سوال کرنا کہ ہمیں بھگوان شری رام کے زمانے کے واقعات پر گفتگو کیوں کرنی چاہیے، کروڑوں رام بھکتوں کے عقیدے کی توہین ہے، جو بھگوان شری رام کو دھرم، اخلاق اور مثالی زندگی کی علامت مانتے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ