
نئی دہلی، 12 نومبر (ہ س)۔
وزیر اعظم نریندر مودی 23ویں آسیان-ہندوستان سربراہ اجلاس اور 21ویں مشرقی ایشیا سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے 16 سے 18 نومبر تک فلپائن کی راجدھانی منیلا کے تین روزہ سرکاری دورے پر جائیں گے۔
وزیر اعظم کے دورے سے قبل یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزارت خارجہ کے سکریٹری (مشرق) رودریندر ٹنڈن نے کہا کہ جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم (آسیان) کے ساتھ ہندوستان کی شراکت داری ہماری ’ایکٹ ایسٹ پالیسی‘ کا ایک اہم ستون ہے۔ منیلا کے قیام کے دوران وزیر اعظم مودی فلپائن کے صدر فرڈینینڈ مارکوس جونیئر کی جانب سے مدعو معزز شخصیات کے اعزاز میں منعقد ہونے والے عشائیے میں شرکت کریں گے۔ اس کے اگلے دن وہ آسیان-ہندوستان سربراہ اجلاس اور مشرقی ایشیا سربراہ اجلاس کی کارروائی میں حصہ لیں گے۔ اس دوران دیگر عالمی رہنماو¿ں کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ہندوستانی برادری کی جانب سے زبردست مطالبے کے پیش نظر وزیر اعظم کے پروگرام میں بیرون ملک مقیم ہندوستانیوں کے ساتھ تبادلہ¿ خیال کو بھی شامل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
آسیان کے ساتھ مضبوط اقتصادی شراکت داری کا ذکر کرتے ہوئے ٹنڈن نے کہا کہ اس خطے کے ساتھ ہندوستان کی دو طرفہ تجارت تقریباً 122 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گئی ہے، جس سے یہ گروپ ہندوستان کا ایک اہم تجارتی شراکت دار بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوب مشرقی ایشیائی سمندری خطے سے متصل بحر ہند کے ایک ملک کی حیثیت سے ہندوستان کا پختہ یقین ہے کہ اجتماعی طور پر اور اس کے تمام 11 رکن ممالک کے ساتھ الگ الگ مضبوط اسٹریٹجک تعلقات تیزی سے بدلتے ہوئے جغرافیائی و سیاسی حالات سے نمٹنے میں دونوں فریقوں کو زیادہ اہل بنائیں گے اور پورے ایشیا میں امن و استحکام کے فروغ میں مددگار ثابت ہوں گے۔
فلپائن کی صدارت میں ’نیویگیٹنگ دی فیوچر‘ کے موضوع پر منعقد ہونے والا 21واں مشرقی ایشیا سربراہ اجلاس ایک منفرد پلیٹ فارم ہے، جہاں آسیان ممالک اور آٹھ مذاکراتی شراکت دار ممالک کے اعلیٰ رہنما غیر رسمی ماحول میں عالمی سلامتی کے چیلنجز اور مشترکہ تشویش کے امور پر تبادلہ¿ خیال کرتے ہیں۔ ٹنڈن نے اس عمل کو آسیان کی کامیاب اجتماعی سفارت کاری کی ایک نمایاں مثال قرار دیا۔
اقتصادی محاذ پر سکریٹری (مشرق) نے آسیان-ہندوستان اشیاءکی تجارت کے معاہدے (اے آئی ٹی آئی جی اے) پر جاری نظرثانی کا عمل جلد از جلد مکمل کرنے کی ہندوستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ کثیر فریقی تجارتی مذاکرات میں متعدد فریقوں کے درمیان اتفاق رائے پیدا کرنے میں وقت لگتا ہے، تاہم انہوں نے یقین دلایا کہ ہندوستان اپنے تجارتی مفادات کے تحفظ اور دونوں فریقوں کی کمپنیوں کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کے مقصد سے دو طرفہ سطح پر بھی تجارت کو آسان بنانے کے لیے متعدد اقدامات اور معاہدوں پر کام کر رہا ہے۔
علاقائی سلامتی اور سمندری تعاون کے حوالے سے ٹنڈن نے کہا کہ جنوب مشرقی ایشیائی سمندری خطے میں ’میری ٹائم ڈومین اویئرنیس‘ (سمندری حدود کی نگرانی اور صورت حال سے باخبر رہنے) کو فروغ دینا ہندوستان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہندوستان آبنائے ملاکا کے باہر واقع ہے، جو آسیان کے بعض مخصوص رکن ممالک کے علاقائی سمندری حدود میں آتی ہے۔ تاہم، اتنے وسیع سمندری علاقے کی مو¿ثر نگرانی، سمندری قزاقی اور غیر قانونی، غیر اعلانیہ اور غیر منضبط (آئی یو یو) ماہی گیری پر روک لگانے اور سمندر میں نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے ہندوستان مشترکہ گشت کا حامی ہے۔
جنوبی بحیرہ¿ چین کے حوالے سے ہندوستان کے واضح موقف کا اعادہ کرتے ہوئے ٹنڈن نے کہا کہ یہ ایک انتہائی اہم بین الاقوامی سمندری راستہ ہے۔ اس لیے آسیان اور چین کے درمیان مذاکرات کے ذریعے تیار کی جانے والی کسی بھی ضابطہ¿ اخلاق (کوڈ آف کنڈکٹ) کو بین الاقوامی بحری قوانین، بالخصوص اقوام متحدہ کے سمندری قانون کے کنونشن (یو این سی ایل او ایس) کے مطابق ہونا چاہیے۔ اس کے ساتھ ہی مذاکرات میں شامل نہ ہونے والے ممالک کے جائز حقوق کا بھی احترام کیا جانا چاہیے۔
میانمار کی صورت حال پر انہوں نے کہا کہ میانمار کو الگ تھلگ کرنا درست طریقہ نہیں ہے، کیونکہ اس سے پیدا ہونے والے خلا کو کوئی دوسری بیرونی طاقت پ±ر کر سکتی ہے۔ مذاکرات اور رابطے کے کوئی متبادل نہ ہونے پر زور دیتے ہوئے ٹنڈن نے کہا کہ ہندوستان میانمار کی حکومت کے ساتھ بات چیت کے لیے آسیان کی کوششوں کی بھرپور حمایت کرتا ہے، تاہم میانمار کی پیچیدہ تاریخ اور سماجی حالات کو دیکھتے ہوئے صبر اور تسلسل برقرار رکھنا ضروری ہے۔
اجلاس کے موقع پر ’کواڈ‘ میٹنگ کے امکانات سے متعلق سوالات کے جواب میں وزارت خارجہ کے عہدیدار نے کہا کہ دو طرفہ اور دیگر ملاقاتوں کو حتمی شکل دینے کی کوششیں جاری ہیں اور فی الحال دونوں اہم سربراہ اجلاسوں کے علاوہ پروگرام کی کوئی دوسری تفصیلات دستیاب نہیں ہیں۔
انہوں نے نالندہ یونیورسٹی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہندوستان میں قائم ایک منفرد بین الاقوامی ادارہ ہے، جو نہ صرف جنوب مشرقی ایشیا کے ساتھ قدیم ثقافتی روابط کو دوبارہ زندہ کر رہا ہے بلکہ مصنوعی ذہانت اور ریاضی جیسے جدید مضامین کے مطالعے کا بھی ایک اہم مرکز بن کر ابھر رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ