
نئی دہلی، 11 نومبر (ہ س)۔ مرکزی کابینہ نے بدھ کے روز نوئیڈا سیکٹر-51 سے گریٹر نوئیڈا سیکٹر-4 تک ایکوا لائن میٹرو کی توسیع کو منظوری دے دی۔ اس منصوبے کے تحت 8.449 کلومیٹر طویل ایلیویٹڈ میٹرو کوریڈور تعمیر کیا جائے گا، جس پر 2,390 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ اس راستے پر پانچ نئے اسٹیشن بنائے جائیں گے۔ اس کے شروع ہونے سے نوئیڈا اور گریٹر نوئیڈا میں فعال میٹرو نیٹ ورک کی مجموعی لمبائی بڑھ کر 71.878 کلومیٹر ہو جائے گی۔
وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں منعقدہ مرکزی کابینہ کی میٹنگ میں یہ فیصلہ لیا گیا۔ مرکزی وزیر اطلاعات و نشریات اشونی ویشنو نے کابینہ کے فیصلوں کی اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ اس میٹرو کوریڈور سے علاقے میں قائم انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) صنعتوں اور گلوبل کیپبلیٹی سینٹرز (جی سی سی) کو بہتر رابطہ سہولت ملے گی۔ اس سے آس پاس کے تجارتی مراکز، تعلیمی اداروں اور رہائشی علاقوں تک پہنچنا بھی آسان ہوگا۔
مجوزہ کوریڈور میں پرتھلا چوک، گور چوک اور ایک مورتی چوک سمیت پانچ اہم مقامات پر اسٹیشن بنائے جائیں گے۔ اس سے ان چوراہوں پر لگنے والے ٹریفک جام سے راحت ملنے کی امید ہے۔ علاقے میں کئی بڑی کمپنیاں، دفاتر اور میڈیا ادارے بھی واقع ہیں۔ میٹرو کی توسیع سے یہاں کام کرنے والے ملازمین اور روزانہ سفر کرنے والے مسافروں کو فائدہ ہوگا۔
اس منصوبے کے تحت نوئیڈا سیکٹر-61 پر بلیو لائن میٹرو کے ساتھ انٹرچینج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ اس سے مسافروں کو دہلی اور این سی آر کے دیگر علاقوں تک پہنچنے میں آسانی ہوگی۔ اس کوریڈور سے گور سٹی مال، ایچ اینڈ ایس مال، بلیو سفائر مال، گریٹر نوئیڈا سیکٹر-4 کے تجارتی مراکز اور نوئیڈا سیکٹر-51 میں واقع آئی کے ای اے سمیت اہم تجارتی مقامات کی رابطہ سہولت بہتر ہوگی۔
اس کے علاوہ ٹیک مہندرا، ٹی سی ایل ٹیک اور آئل انڈسٹری ڈیولپمنٹ بورڈ جیسے اہم اداروں، دہلی پبلک اسکول جیسے تعلیمی اداروں اور کیلاش اسپتال، کلاوڈ نائن اسپتال اور راما اسپتال جیسے طبی مراکز تک پہنچنا آسان ہوگا۔ نوئیڈا سیکٹر-122 کی کلیو کاونٹی اور گریٹر نوئیڈا کی گور سٹی-1 اور گور سٹی-2 جیسی رہائشی سوسائٹیوں کو بھی اس کا فائدہ ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ میٹرو کوریڈور کی توسیع سے سڑکوں پر گاڑیوں کا دباو¿ کم ہوگا اور سفر کے وقت میں کمی آئے گی۔ اس سے سڑکوں کی حفاظت بہتر ہونے کے ساتھ ساتھ روایتی ایندھن سے چلنے والی گاڑیوں کے مقابلے کاربن کے اخراج میں کمی لانے میں بھی مدد ملے گی۔ بہتر ٹرانسپورٹ رابطے سے مقامی کاروبار، سرمایہ کاری اور معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملنے کی امید ہے۔
ویشنو نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں گزشتہ 12 برسوں کے دوران میٹرو بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے۔ اس سے متوسط طبقے، معاشی طور پر کمزور خاندانوں، نوجوانوں اور خواتین کو محفوظ عوامی ٹرانسپورٹ کا متبادل دستیاب ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس توسیع سے روزگار، کاروبار، تعلیم اور دیگر روزمرہ ضروریات کے لیے سفر کرنے والے لوگوں کو بہتر ٹرانسپورٹ سہولت ملے گی۔ اس کے ساتھ ہی دہلی ہوائی اڈے، ریلوے اسٹیشنوں اور بس اڈوں تک پہنچنا بھی آسان ہو جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / عبدالسلام صدیقی