سوچھ سرویکشن میں مدھیہ پردیش کے 9 شہروں کو قومی اعزاز، ملک میں سب سے زیادہ ایوارڈ حاصل کرنے والی ریاست بنی
صدر جمہوریہ مرمو نے دہلی میں اندور، گوالیار، جبل پور، ریوا، اجین، ساگر، دیواس، بدھنی اور دیپال پور کو اعزاز سے نوازا بھوپال، 11 نومبر (ہ س)۔ سوچھ بھارت مشن کے تحت منعقدہ سوچھ سرویکشن 26-2025 میں مدھیہ پردیش نے ایک بار پھر قومی سطح پر صفائی ستھرا
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو سے ایوارڈ حاصل کرتے ہوئے وزیر کیلاش وجے ورگیہ


صدر جمہوریہ دروپدی مرمو سے ایوارڈ حاصل کرتے ہوئے وزیر کیلاش وجے ورگیہ


صدر جمہوریہ دروپدی مرمو سے ایوارڈ حاصل کرتے ہوئے وزیر کیلاش وجے ورگیہ


- صدر جمہوریہ مرمو نے دہلی میں اندور، گوالیار، جبل پور، ریوا، اجین، ساگر، دیواس، بدھنی اور دیپال پور کو اعزاز سے نوازا

بھوپال، 11 نومبر (ہ س)۔ سوچھ بھارت مشن کے تحت منعقدہ سوچھ سرویکشن 26-2025 میں مدھیہ پردیش نے ایک بار پھر قومی سطح پر صفائی ستھرائی اور کچرے کے انتظام کی اپنی بہترین صلاحیت کا مظاہرہ کیا ہے۔ اس سال ریاست کے 9 شہروں کو قومی سطح پر اعزاز سے نوازا گیا ہے۔ یہ ملک کی کسی بھی ریاست کے لیے سب سے زیادہ تعداد ہے۔

صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے بدھ کو نئی دہلی کے وگیان بھون میں منعقدہ تقریب میں ریاست کے اندور، گوالیار، جبل پور، ریوا، اجین، ساگر، دیواس، بدھنی اور دیپال پور کو قومی ایوارڈ عطا کیے۔ تقریب میں شہری ترقی و رہائش کے وزیر کیلاش وجے ورگیہ، وزیر مملکت پرتیما باگری، شہری بلدیاتی اداروں کے عوامی نمائندے، ایڈیشنل چیف سکریٹری سنجے دوبے، کمشنر سنکیت بھونڈوے، مشن ڈائریکٹر ششیر گیماوت سمیت میونسپل کارپوریشنوں کے کمشنر اور دیگر افسران موجود تھے۔

اس سال سوچھ سرویکشن میں مدھیہ پردیش کی کامیابی صرف بڑے شہروں تک محدود نہیں رہی، بلکہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے شہروں نے بھی قومی سطح پر اپنی شناخت بنائی ہے۔ ’سوچھ شہر جوڑی‘ (مینٹر-مینٹی) ماڈل اختراع کی ایک مثال بن کر سامنے آیا ہے۔ اس زمرے میں اندور (مینٹر) اور دیپال پور (مینٹی) کی جوڑی نے دوسرا مقام حاصل کیا۔

مسلسل 9ویں بار قومی اعزاز حاصل کرنے والے اندور نے مینٹر اور دیپال پور نے مینٹی کے طور پر کام کیا۔ اندور کی رہنمائی میں دیپال پور نے 100 فیصد گھر گھر کچرا جمع کرنے، 4 زمروں میں کچرے کو اس کے منبع پر الگ کرنے اور پرانے کچرے کا سائنسی طریقے سے علاج کرکے زمین کو دوبارہ قابل استعمال بنانے میں نمایاں کامیابی حاصل کی۔ اس سے قیمتی زمین کو ناجائز قبضے اور آلودگی سے پاک کرانے میں مدد ملی۔

اندور (سوچھ شہر جوڑی-مینٹر، درجہ 2): مسلسل 9ویں سوچھ سرویکشن میں قومی اعزاز حاصل کرکے اندور نے صفائی ستھرائی کے شعبے میں اپنی بہترین کارکردگی برقرار رکھی ہے۔ شہر میں ’سوچھ وارڈ رینکنگ‘ مہم کے ذریعے وارڈ کی سطح پر صحت مند مسابقت کو فروغ دیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی 29 اہم بازاروں کو ’زیرو ویسٹ مارکیٹ‘ کے طور پر ترقی دی گئی۔ 15 آر آر آر مراکز، آئی او ٹی پر مبنی بیت الخلاؤں کی نگرانی، بائیو سی این جی پلانٹ کی صلاحیت میں توسیع اور سبز کچرے سے پیلیٹ بنانے کے پلانٹ جیسی اختراعات کے ذریعے شہر نے صفائی کے انتظام کے نئے معیار قائم کیے ہیں۔

دیپال پور (سوچھ شہر جوڑی-مینٹی، درجہ 2): اندور کی رہنمائی میں دیپال پور نے چھوٹے شہری بلدیاتی اداروں کے لیے صلاحیت کی منتقلی کی ایک قابل تقلید مثال پیش کی ہے۔ بلدیاتی ادارے نے 100 فیصد گھر گھر کچرا جمع کرنے اور 4 زمروں میں کچرے کو اس کے منبع پر الگ کرنے کو یقینی بنایا۔ اس کے علاوہ پرانے کچرے کا سائنسی طریقے سے علاج کرکے قیمتی زمین کو ناجائز قبضے اور آلودگی سے پاک کرایا۔

جبل پور (سوچھ شہر درجہ 2، 10 لاکھ سے زیادہ آبادی کا زمرہ): جبل پور نے ادارہ جاتی سطح پر صفائی کے انتظام اور کچرے سے توانائی پیدا کرنے کے شعبے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ میونسپل کارپوریشن کا 11.5 میگاواٹ صلاحیت والا ویسٹ ٹو انرجی پلانٹ پوری صلاحیت کے ساتھ چل رہا ہے۔ ’بیک لین سے بیسٹ لین‘ مہم کے تحت 150 سے زیادہ پچھلی گلیوں کی حالت بہتر بنائی گئی ہے۔ وہیں، 491 جی پی ایس سے لیس گاڑیوں کے ذریعے روزانہ تقریباً 550 ٹن کچرا جمع کرنے اور اس کی نگرانی کا کام کیا جا رہا ہے۔

اجین (سوچھ شہر درجہ 1، 3 لاکھ سے 10 لاکھ آبادی کا زمرہ): مذہبی شہر اجین نے صفائی ستھرائی کا ایک منفرد ماڈل پیش کیا ہے۔ شہر کے تمام 54 وارڈوں میں 100 فیصد کچرے کی علیحدگی یقینی بنائی گئی ہے۔ مذہبی مقامات سے جمع کیے گئے پھولوں سے دھوپ اور اگربتی بنائی جا رہی ہیں، جبکہ گھاٹوں پر چھوڑے گئے کپڑوں سے کاغذ کے تھیلے تیار کیے جا رہے ہیں۔ ’ماں کشپرا کویچ‘ ٹیم دریاؤں اور گھاٹوں کی صفائی یقینی بنا رہی ہے۔ اس سے سنہستھ 2028 کے لیے زیرو ویسٹ تقریب کی مضبوط بنیاد تیار ہوئی ہے۔

دیواس (سوچھ شہر درجہ 1، 50 ہزار سے 3 لاکھ آبادی کا زمرہ): دیواس نے مسلسل دوسری بار قومی اعزاز حاصل کرکے اپنی بہترین کارکردگی برقرار رکھی ہے۔ شہر نے پچھلی گلیوں کی حالت بہتر بنانے، آر آر آر مراکز کو مؤثر طریقے سے چلانے، پرانے کچرے کو ٹھکانے لگانے اور صاف کیے گئے پانی کو دوبارہ قابل استعمال بنانے میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔

ساگر (سوچھ شہر درجہ 3، 50 ہزار سے 3 لاکھ آبادی کا زمرہ): ساگر نے ثقافت اور عوامی شراکت داری کو صفائی مہم سے جوڑ کر یہ کامیابی حاصل کی ہے۔ تاریخی ساگر جھیل میں گرنے والے 47 نالوں کو بند کرکے انہیں گندے پانی کی صفائی کے نظام سے جوڑ دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی بندیل کھنڈی لوک فن، پھاگ، دیواری گائیکی اور نکڑ ناٹکوں کے ذریعے صفائی کے تئیں بیداری پیدا کی گئی۔

بدھنی (سوچھ شہر درجہ 3، 20 ہزار سے کم آبادی کا زمرہ): بدھنی نے مسلسل تیسری بار قومی سطح پر اپنی برتری برقرار رکھتے ہوئے چھوٹے شہروں کے لیے ایک مثال قائم کی ہے۔ گھر گھر کچرے کی 100 فیصد علیحدگی، پرانے کچرے کو مقررہ وقت میں ٹھکانے لگانے اور شہریوں کی شراکت داری اس کی مسلسل کامیابی کی اہم بنیاد رہی ہے۔

ریوا (سوچھ ریور فرنٹ شہر، درجہ 1): ریوا نے سوچھ ریور فرنٹ زمرے میں ملک بھر میں پہلا مقام حاصل کیا ہے۔ شہر میں 24 گھنٹے فعال کمانڈ اینڈ کنٹرول روم اور حقیقی وقت میں ڈیجیٹل نگرانی کا نظام قائم کیا گیا ہے۔ بغیر کسی اضافی مالی بوجھ کے نافذ کیے گئے ’ٹوئن بن مارکیٹ ماڈل‘ اور 6 میگاواٹ صلاحیت کا ویسٹ ٹو انرجی منصوبہ ریوا کی اہم تکنیکی کامیابیاں ہیں۔

گوالیار (سوچھ سٹی ایوارڈ): گوالیار نے سائنسی طریقوں اور مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے کچرے کے انتظام پر خصوصی توجہ دی ہے۔ شہر میں 5.50 لاکھ میٹرک ٹن پرانے کچرے کو ٹھکانے لگایا جا چکا ہے۔ فی الحال 1200 ٹی پی ڈی صلاحیت کی نئی کچرا پروسیسنگ اکائی، 350 ٹی پی ڈی کا سی بی جی پلانٹ اور 100 ٹی پی ڈی صلاحیت کے سی اینڈ ڈی ویسٹ پلانٹ جیسے بڑے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔

سوچھ سرویکشن 2024 کے نتائج کے تجزیے کے بعد شہری ترقی و رہائش کے محکمے نے ایک حکمت عملی پر مبنی منصوبہ تیار کیا تھا۔ اسی کا نتیجہ ہے کہ اس سال ملک کے مجموعی 57 قومی ایوارڈز میں سے 9 یعنی تقریباً 16 فیصد ایوارڈز مدھیہ پردیش کو ملے ہیں۔ ریاست کے تمام 406 شہری بلدیاتی اداروں کی سائنسی درجہ بندی کرکے ’سپر-75‘ جیسی ہدف پر مبنی حکمت عملی تیار کی گئی۔

اس کے علاوہ ’سندرب لال پٹوا نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اربن مینجمنٹ‘ میں مسلسل صلاحیت سازی، سینئر افسران کے میدانی معائنے، خواتین کے خود امدادی گروپوں کی شراکت داری اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر زور دیا گیا۔ ان کوششوں کے ذریعے مدھیہ پردیش نے صفائی ستھرائی کو اعداد و شمار پر مبنی حکمرانی اور عوامی تحریک کی شکل دینے کی سمت میں نمایاں کام کیا ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستھان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande