
سری نگر، 11 نومبر (ہ س)۔ جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے میر بازار کے قریب نوپورہ اکھرن میں بدھ کی دوپہر موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم دہشت گردوں نے ناکے پر تعینات سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کی ایک پارٹی پر فائرنگ کر دی، جس سے فورس کے تین اہلکار زخمی ہو گئے۔ ان میں سے ایک کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق نازک حالت والے جوان کو ایئر لفٹ کر کے سری نگر میں واقع 92 بیس اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جبکہ دیگر دو کی حالت مستحکم ہے۔
واقعہ دوپہر تقریباً 2 بج کر 15 منٹ پر پیش آیا۔ دہشت گرد سکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کر کے موقع سے فرار ہو گئے۔ زخمی اہلکاروں کا تعلق سی آر پی ایف کی 46 ویں بٹالین سے ہے۔ تینوں زخمیوں کو علاج کے لیے گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) اننت ناگ لایا گیا۔ ان کی شناخت مغربی بنگال کے کانسٹیبل (جی ڈی) سنتوش چندرو، آسام کے کانسٹیبل (جی ڈی) راکیش داس اور مدھیہ پردیش کے ہیڈ کانسٹیبل (جی ڈی) سوم ویر سنگھ کے طور پر ہوئی ہے۔
چندرو کو پیٹ اور ریڑھ کی ہڈی میں گولیاں لگی ہیں۔ ایئر لفٹ کیے جانے سے پہلے انہیں آپریشن تھیٹر لے جایا گیا تھا اور ان کی حالت نازک تھی۔ راکیش داس کی ٹانگ اور سوم ویر سنگھ کے بائیں بازو میں گولی لگی ہے، اور دونوں کی حالت مستحکم ہے۔
ضلع مجسٹریٹ اننت ناگ ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ نے جی ایم سی اننت ناگ کا دورہ کر کے زخمی اہلکاروں سے ملاقات کی۔ انہوں نے ان کی حالت دریافت کی اور انہیں فراہم کی جا رہی طبی خدمات کا جائزہ لیا۔
ذرائع نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی فورسز موقع پر پہنچ گئیں، علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور دہشت گردوں کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق حملے کے بعد کولگام اور سری نگر سمیت دیگر مصروف مقامات پر بھی سکیورٹی بڑھا دی گئی اور گاڑیوں کی چیکنگ تیز کر دی گئی۔ سکیورٹی فورسز زیادہ تر موٹر سائیکلوں کو روک کر ان کی اور ان پر سوار افراد کی تلاشی لیتی نظر آئیں۔
یہ حملہ ایسے دن ہوا جب لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کو ضلع میں ’ویشو فیسٹیول‘ کا افتتاح کرنا تھا۔ حملے کے باوجود سنہا نے فیسٹیول کا افتتاح کیا اور وہاں موجود لوگوں سے خطاب کیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / ظہور حسین بٹ