
نئی دہلی، 11 نومبر (ہ س)۔ گزشتہ ایک دہائی کے دوران کئی حادثات کا شکار ہونے والے ہندوستانی بحریہ کے جہاز آئی این ایس بیتوا کی مرمت کوچی شپ یارڈ لمیٹڈ میں کرائی جائے گی۔ وزارت دفاع نے بدھ کے روز سکریٹری دفاع، راجیش کمار سنگھ کی موجودگی میں 498.58 کروڑ روپے کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ برہمپترا کلاس کے اس جنگی جہاز کے نظامِ محرک (پروپلشن سسٹم) میں بڑے پیمانے پر تبدیلی کی جائے گی۔ مرمت کے بعد جدید ہتھیاروں کے نظام کے ذریعے جہاز کی جنگی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔
اس منصوبے سے جہازوں کی مرمت اور دیکھ بھال سے وابستہ دیسی صنعتی نظام کی صلاحیتیں مزید مضبوط ہوں گی۔ خاص طور پر اس سے پیچیدہ نظامِ محرک میں تبدیلی اور بحری پلیٹ فارم کی جدید کاری کے شعبے میں ملک کی تکنیکی اور صنعتی صلاحیتوں کو فروغ ملے گا۔ اس منصوبے میں 50 سے زائد چھوٹی، بہت چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں (ایم ایس ایم ای) کی شرکت متوقع ہے۔ اس کے علاوہ ہندوستانی جہاز سازی کی صنعت اور اس سے وابستہ معاون شعبوں میں روزگار کے خاطر خواہ مواقع پیدا ہوں گے۔ یہ منصوبہ حکومت کے ’آتم نربھر بھارت‘ اور ’میک اِن انڈیا‘ کے وژن کو نئی رفتار فراہم کرے گا اور ملک کی دیسی بحری جہازوں کی مرمت و دیکھ بھال کی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنائے گا۔
اسرائیل اور لبنان کے درمیان تنازعہ شروع ہونے کے وقت 2006 میں جنگی جہاز بیتوا ٹاسک فورس 54 کا حصہ تھا، جو بحیرہ روم سے واپس آ رہی تھی۔ آپریشن سکون کے ایک حصے کے طور پر بیتوا نے لبنان سے قبرص تک ہندوستانی شہریوں کو بحفاظت نکالنے کی کارروائی میں حصہ لیا تھا۔ اس کے بعد یہ جہاز کئی مرتبہ حادثات کا شکار ہوا۔
برہمپترا کلاس کا یہ جنگی جہاز 4 جنوری 2014 کو پانی کے اندر ایک نامعلوم شے سے ٹکرا گیا تھا، جس سے اس کے سونار گنبد میں دراڑ پڑ گئی تھی۔ اس کے نتیجے میں حساس آلات میں سمندر کا کھارا پانی داخل ہو گیا تھا۔
اس کے بعد 5 دسمبر 2016 کو ممبئی کے نیول ڈاک یارڈ میں کروزر گریونگ ڈاک کے اندر مرمت کے دوران دوبارہ پانی میں اتارتے اور ڈاک سے باہر نکالتے وقت جہاز اپنے سپورٹ بلاک سے پھسل گیا اور بندرگاہ کی جانب جھک کر گر گیا۔ اس حادثے میں دو ملاحوں کی موت ہو گئی تھی جبکہ 15 دیگر زخمی ہوئے تھے۔ جہاز کے مرکزی ستون کو بھی نقصان پہنچا تھا۔
اس کے بعد 22 فروری 2017 کو جہاز کو سیدھا کرکے دوبارہ پانی میں اتارا گیا۔ امریکی سالویج کمپنی نے کسی بیرونی لفٹنگ میکانزم کا استعمال کیے بغیر جہاز کے مختلف حصوں میں منظم طریقے سے پانی بھرنے اور اسے پمپ کے ذریعے نکالنے کے عمل سے جہاز کو سیدھا کیا تھا۔ بحریہ کے تین افسران کا کورٹ مارشل کیا گیا اور انہیں لاپروائی کا قصوروار پایا گیا۔
اس کے بعد 10 جنوری 2021 کو جہاز پر گولی لگنے سے 22 سالہ ایک ملاح کی موت ہو گئی تھی۔ اطلاعات کے مطابق یہ خودکشی کا معاملہ تھا۔ اس جہاز نے مئی 2021 میں سمندری طوفان ’تاؤکتے‘ کے بعد سرچ اور ریسکیو آپریشن میں بھی حصہ لیا تھا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / عبدالواحد