
دبئی، 10 نومبر(ہ س)۔ دبئی کے حکمراں اور متحدہ عرب امارات کے نائب صدر و وزیر اعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم نے غزہ کے 50 ہزار افراد کو پناہ فراہم کرنے کے لیے فوری طور پر خیمے مہیا کرانے کی ہدایت دی ہے۔ اس اقدام کا مقصد سرد موسم، شدید بارش اور سیلاب کے خطرات سے دوچار بے گھر فلسطینی خاندانوں کو محفوظ پناہ گاہ فراہم کرنا ہے۔
امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’وام‘ کے مطابق، شیخ محمد بن راشد نے محمد بن راشد المکتوم گلوبل انیشی ایٹوز کے ذریعے خیموں کی فراہمی کا حکم دیا ہے۔ یہ خیمے غزہ کے مختلف علاقوں میں تقسیم کیے جائیں گے۔ اس کام میں متحدہ عرب امارات کے امدادی مشن ’آپریشن گیلنٹ نائٹ 3‘ کا تعاون حاصل کیا جائے گا۔
یہ امدادی مشن 5 نومبر 2023 کو متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی ہدایت پر شروع کیا گیا تھا۔ اس کا مقصد غزہ کے فلسطینیوں کو انسانی، طبی، غذائی اور امدادی سہولتیں فراہم کرنا اور مشکل حالات میں ان کی پریشانیوں کو کم کرنا ہے۔
شیخ محمد بن راشد کی جانب سے خیموں کی فوری فراہمی کا فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب غزہ میں شدید بارش اور سیلاب نے بے گھر خاندانوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔ اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ انسانی امور (او سی ایچ اے) کے مطابق، حالیہ بارشوں سے غزہ میں ہزاروں افراد متاثر ہوئے ہیں، جبکہ خیموں، ترپالوں، کمبلوں اور گرم کپڑوں کا مقامی ذخیرہ تقریباً ختم ہوچکا ہے۔اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق، انسانی امدادی اداروں اور مختلف ممالک کی جانب سے خریدے گئے ایک لاکھ 50 ہزار سے زائد خیمے غزہ کے باہر موجود ہیں اور انہیں اندر بھیجنے کا انتظار ہے۔ عالمی ادارے نے امدادی سامان کی ترسیل میں حائل رکاوٹیں دور کرنے اور ضروری سامان کو فوری طور پر غزہ میں داخلے کی اجازت دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ غزہ کی تقریباً 65 فیصد آبادی، یعنی لگ بھگ 14 لاکھ افراد، خیموں یا عارضی پناہ گاہوں میں رہنے پر مجبور ہیں۔ بارش اور تیز ہواؤں نے پہلے سے خستہ حال خیموں کو نقصان پہنچایا ہے، جس کے باعث بے گھر خاندانوں کو مزید مشکلات کا سامنا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / Mohammad Khan