ابوظہبی میں روس، امریکہ اور یوکرین کے درمیان سہ فریقی مذاکرات میں یورپ کا کوئی نمائندہ شامل نہیں
ابوظہبی، 10 نومبر (ہ س)۔ روس، یوکرین اور امریکہ کے درمیان دو روزہ مذاکرات آج یہاں شروع ہوگئے۔ ان سہ فریقی مذاکرات میں یورپ کا کوئی نمائندہ شامل نہیں ہے۔ روسی خبر رساں ایجنسی اسپوتنک کی رپورٹ کے مطابق مذاکرات کا آغاز متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ ع
ابوظہبی مذاکرات


ابوظہبی، 10 نومبر (ہ س)۔ روس، یوکرین اور امریکہ کے درمیان دو روزہ مذاکرات آج یہاں شروع ہوگئے۔ ان سہ فریقی مذاکرات میں یورپ کا کوئی نمائندہ شامل نہیں ہے۔ روسی خبر رساں ایجنسی اسپوتنک کی رپورٹ کے مطابق مذاکرات کا آغاز متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ عبداللہ بن زاید النہیان نے کیا۔ اس کے بعد تینوں ممالک کے وفود کے سفارت کاروں نے استقبالیہ خطاب کیا۔ بعد ازاں النہیان مذاکراتی کمرے سے باہر چلے گئے اور بند کمرے میں بات چیت شروع ہوگئی۔

متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں بند کمرے میں ہونے والے ان مذاکرات سے پہلے روس، امریکہ اور یوکرین کے وفود نے برطانیہ، فرانس، جرمنی، اٹلی، شمالی اوقیانوسی معاہدے کی تنظیم (نیٹو) اور یورپی کمیشن کے نمائندوں سے ملاقات کی۔ اس اجلاس میں امریکہ کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر بھی شامل ہوئے۔

سی این این کی رپورٹ کے مطابق امریکہ، یوکرین اور روس کے درمیان امن مذاکرات کا یہ نیا دور ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ تقریباً پانچ سال سے جاری اس تنازع کو ختم کرنے کی کوششوں میں ایک بار پھر سرگرم ہوگئی ہے۔ اس سلسلے میں اس نے ماسکو کو کئی بڑی رعایتیں دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔ فروری کے بعد پہلی بار یہ مذاکرات ہو رہے ہیں۔

روس کی خواہش تھی کہ یہ مذاکرات مکمل طور پر تین فریقوں (امریکہ، یوکرین اور روس) کے درمیان ہی ہوں۔ اسی وجہ سے یورپ کا کوئی نمائندہ اجلاس میں موجود نہیں ہے۔ تاہم کئی یورپی ممالک کے قومی سلامتی مشیر، نیٹو اور یورپی یونین کے افسران الگ الگ ملاقاتوں کے لیے متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں موجود ہیں۔

مذاکرات شروع ہونے سے پہلے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے داماد اور مذاکرات کار جیرڈ کشنر نے کہا، ”ہم بات چیت کے ذریعے ایسا حل تلاش کرنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں، جس سے مستقل امن قائم ہو سکے اور ایک خودمختار، محفوظ اور خوشحال یوکرین کے لیے حالات پیدا ہوں۔“ امریکی حکام نے بھی اس موقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ یہ مذاکرات جنگ ختم کرنے کی سمت میں ایک نئی شروعات ہیں۔ ان میں سلامتی کی ضمانتوں اور جنگ کے بعد کے حفاظتی انتظامات پر بھی بات چیت ہوگی۔

روس کی جانب سے صرف سہ فریقی مذاکرات پر اصرار کے معاملے پر یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کاجا کالاس نے کہا کہ انہیں ایسے کوئی اشارے نظر نہیں آ رہے ہیں کہ ماسکو سنجیدگی کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہے۔ اس دوران ایک امریکی عہدیدار نے یہ بھی کہا کہ امن مذاکرات کے تحت امریکہ کی جانب سے سلامتی کی ضمانت دی جائے گی یا نہیں، اس کا فیصلہ صدر ٹرمپ ہی کریں گے۔

ایک عہدیدار کے مطابق امریکہ کی جانب سے کشنر اور مشرق وسطیٰ کے لیے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف مذاکرات کی قیادت کر رہے ہیں۔ یوکرین کے وفد کی قیادت وہاں کے غیر ملکی انٹیلی جنس سربراہ اور چیف مذاکرات کار رستم عمروف کر رہے ہیں۔ خبر رساں ایجنسی تاس کے مطابق روس نے اپنے وفد میں نائب وزیر خارجہ سرگئی ریابکوف اور میخائل گالوزین کو شامل کیا ہے۔ کریملن کے معاون ولادیمیر میڈنسکی، فوجی انٹیلی جنس کے سربراہ ایگور کوستییوکوف اور جنرل اسٹاف کے رکن یوری ژیگارلوفسکی بھی مذاکرات میں شامل ہیں۔

یوکرین کے چیف مذاکرات کار عمروف نے اجلاس شروع ہونے سے پہلے کہا کہ ای 4 گروپ (برطانیہ، فرانس، جرمنی اور اٹلی) کے نمائندوں کے ساتھ ساتھ نیٹو اور یورپی کمیشن کے افسران بھی ابوظہبی میں موجود رہیں گے۔ عمروف نے کہا، ”ہم اپنے یورپی شراکت داروں کے ساتھ الگ الگ تال میل کی میٹنگیں کریں گے۔“

ابوظہبی میں یورپی عہدیداروں کی موجودگی کے بارے میں پوچھے جانے پر کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے کہا کہ کیف اور واشنگٹن کے ساتھ یورپ کے اپنے رابطے کے ذرائع موجود ہیں۔ انہوں نے ایک بار پھر واضح کیا کہ یہ ”روس اور یوکرین کے درمیان سہ فریقی مذاکرات ہیں، جن میں امریکہ ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے۔“

تاہم فرانس کے وزیر خارجہژاں نوئل بارو نے اتوار کو فرانسیسی میڈیا سے کہا تھا، ”ان مذاکرات میں یورپی ممالک کی مناسب نمائندگی ہوگی۔“ انہوں نے کہا کہ ہم نے امریکی ثالث کو واضح کر دیا ہے کہ براعظم کے مستقبل کو متاثر کرنے والی کسی بھی بات چیت میں ہماری توقعات اور مطالبات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

اٹلانٹک کونسل کے یوریشیا سینٹر کے سینئر ڈائریکٹر اور یوکرین میں امریکہ کے سابق سفیر جان ہربسٹ نے کہا کہ ابوظہبی مذاکرات سے بہت زیادہ امیدیں نہیں رکھنی چاہئیں۔ ہربسٹ نے گزشتہ ہفتے لکھا تھا، ”یہ مذاکرات صرف اس لیے ہو رہے ہیں کیونکہ پوتن چاہتے ہیں کہ ٹرمپ کو یوکرین سے دوری اختیار کرنے کی ایک اور وجہ مل جائے۔“

قابل ذکر ہے کہ یوکرین پر روس کے حملے کو اب پانچواں سال چل رہا ہے۔ جنگ کے میدان میں کوئی بڑی کامیابی حاصل نہ ہونے کے باعث ماسکو نے فضائی حملے تیز کر دیے ہیں، جو یوکرین کے عوام کے لیے جان لیوا ثابت ہو رہے ہیں۔ گزشتہ پیر کو روس نے زاپوریزیا میں ایک اسکول کی عمارت پر کئی بم گرائے۔ اس عمارت کو لوگوں کو پناہ دینے اور امدادی مرکز کے طور پر استعمال کیا جا رہا تھا۔ اس حملے میں کم از کم 55 افراد ہلاک ہوئے۔ اس سال اب تک روسی حملوں میں 2,700 سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستھان سماچار / عبدالسلام صدیقی


 rajesh pande