ابوظہبی میں روس، یوکرین اور امریکہ کے درمیان سہ فریقی مذاکرات شروع، امن معاہدے پر نگاہیں
ابوظہبی، 10 نومبر(ہ س)۔ روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کے خاتمے کی کوششوں کے تحت امریکہ کی میزبانی میں سہ فریقی مذاکرات منگل کو متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں شروع ہوگئے۔ 10 اور 11 نومبر کو ہونے والی اس دو روزہ بات چیت میں جنگ بندی،
ابوظہبی میں روس، یوکرین اور امریکہ کے درمیان سہ فریقی مذاکرات شروع، امن معاہدے پر نگاہیں


ابوظہبی، 10 نومبر(ہ س)۔ روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کے خاتمے کی کوششوں کے تحت امریکہ کی میزبانی میں سہ فریقی مذاکرات منگل کو متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں شروع ہوگئے۔ 10 اور 11 نومبر کو ہونے والی اس دو روزہ بات چیت میں جنگ بندی، مستقبل کی سلامتی کی ضمانتوں، کشیدگی میں کمی اور دیرپا امن معاہدے کے امکانات پر غور کیا جارہا ہے۔ فروری کے بعد روس، یوکرین اور امریکہ کے درمیان یہ پہلی سہ فریقی ملاقات ہے۔

امریکی وفد کی قیادت صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر کررہے ہیں۔ یوکرینی وفد کی سربراہی ملک کی خارجہ انٹیلی جنس سروس کے سربراہ رستم عمروف کررہے ہیں، جبکہ روسی وفد کی قیادت صدر ولادیمیر پوتن کے معاون ولادیمیر میڈنسکی کے ہاتھ میں ہے۔مذاکرات کے آغاز سے قبل یوکرینی وفد نے امریکی نمائندوں کے ساتھ برطانیہ، فرانس، جرمنی، اٹلی، نیٹو اور یورپی کمیشن کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی۔ یورپی ممالک کے نمائندے ابوظبی میں موجود ہیں، تاہم ان کی شرکت سہ فریقی مذاکرات کے مرکزی اجلاس سے الگ ملاقاتوں اور مشاورت کی شکل میں ہے۔

فرانس نے واضح کیا ہے کہ یورپ کی سلامتی کے معاملات پر بات کیے بغیر یوکرین میں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا۔ یورپی ممالک اس بات پر زور دے رہے ہیں کہ کسی بھی امن معاہدے میں یورپ کے مستقبل کے سلامتی نظام اور یوکرین کو دی جانے والی ضمانتوں کو بھی شامل کیا جائے۔امریکی وفد کے مطابق مذاکرات کا مقصد ایسا نیا فریم ورک تیار کرنا ہے جو روس اور یوکرین کے درمیان اختلافات کم کرنے اور دیرپا امن کی بنیاد رکھنے میں مددگار ہو۔ جیرڈ کشنر نے مذاکرات کے آغاز پر کہا کہ دونوں فریقوں کے درمیان اختلافات دور کرنے کے لیے کچھ اچھے خیالات موجود ہیں۔ ان کے مطابق گزشتہ مذاکرات کے تجربات سے سبق حاصل کرکے مستقبل کے لیے ایک نیا نظام تشکیل دینے کی کوشش کی جائے گی۔

دوسری جانب روسی وفد کے ایک ذریعے کے مطابق ماسکو ان مذاکرات میں یوکرین کے معاملے کے ساتھ پورے یورپ کے لیے جنگ کے بعد کے نئے سلامتی نظام کو بھی بنیادی اہمیت دے رہا ہے۔ روس کا کہنا ہے کہ علاقائی استحکام اور مستقبل میں خطرات کی روک تھام کے لیے جامع سلامتی نظام ضروری ہے۔تاہم روس اور یوکرین کے درمیان امن معاہدے کی بنیادی شرائط پر اب بھی گہرے اختلافات موجود ہیں۔ روسی صدر ولادیمیر پوتن چاہتے ہیں کہ یوکرین ان چار علاقوں سے اپنی فوجیں واپس بلائے جنہیں روس نے 2022 میں اپنے ساتھ ضم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ماسکو یوکرین کی نیٹو میں شمولیت کی کوشش ترک کرنے اور اپنی فوجی صلاحیتوں پر پابندیاں قبول کرنے کا بھی مطالبہ کررہا ہے۔اس کے برعکس یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے علاقائی خودمختاری سے دستبردار ہونے اور فوجی صلاحیت محدود کرنے کے مطالبات مسترد کردیے ہیں۔ یوکرین کا موقف ہے کہ کسی بھی وسیع تر امن معاہدے سے پہلے فوری جنگ بندی اور مغربی ممالک کی جانب سے قابل اعتماد سلامتی ضمانتیں ضروری ہیں۔

امن مذاکرات کے آغاز کے باوجود روس اور یوکرین کے درمیان فوجی کارروائیاں جاری ہیں۔ یوکرینی فضائیہ کے مطابق روس نے رات کے دوران یوکرین پر 162 ڈرونز اور ایک بیلسٹک میزائل سے حملہ کیا۔ دوسری جانب روسی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا کہ اس کی فوج نے رات کے دوران روس کے آٹھ علاقوں اور جزیرہ نما کریمیا کے اوپر یوکرین کے 155 ڈرونز مار گرائے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / Mohammad Khan


 rajesh pande