پانچ برسوں میں نئے ایمس میں او پی ڈی کے 6 کروڑ سے زیادہ مریضوں نے طبی مشورے لیے
نئی دہلی، 10 نومبر (ہ س)۔ ملک بھر میں وزیراعظم صحت تحفظ اسکیم (پی ایم ایس ایس وائی) کے تحت قائم کیے گئے نئے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) میں گزشتہ پانچ برسوں کے دوران او پی ڈی کے 6 کروڑ سے زیادہ طبی مشورے درج کیے گئے ہیں۔ مرکزی وز
پانچ برسوں میں نئے ایمس میں او پی ڈی کے 6 کروڑ سے زیادہ مریضوں نے طبی مشورے لیے


نئی دہلی، 10 نومبر (ہ س)۔

ملک بھر میں وزیراعظم صحت تحفظ اسکیم (پی ایم ایس ایس وائی) کے تحت قائم کیے گئے نئے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) میں گزشتہ پانچ برسوں کے دوران او پی ڈی کے 6 کروڑ سے زیادہ طبی مشورے درج کیے گئے ہیں۔

مرکزی وزارت صحت کی جانب سے منگل کو جاری اعداد و شمار کے مطابق 31 اکتوبر 2026 تک تمام نئے ایمس میں مجموعی طور پر 6.01 کروڑ او پی ڈی کنسلٹیشن درج کیے جاچکے ہیں۔ یہ کامیابی ملک میں ماہرین اور اعلیٰ معیار کی طبی خدمات تک عوام کی بڑھتی ہوئی رسائی کی عکاسی کرتی ہے۔

وزارت کے مطابق پی ایم ایس ایس وائی کے تحت مختلف مراحل میں مجموعی طور پر 22 نئے ایمس قائم کرنے کی منظوری دی گئی ہے، جن میں سے 18 مکمل طور پر فعال ہوچکے ہیں۔ یہ ادارے بیرونی مریضوں کے شعبے (او پی ڈی)، داخل مریضوں کے شعبے (آئی پی ڈی)، ایمرجنسی اور ٹراما خدمات، تشخیصی سہولتوں، طبی تعلیم اور تحقیق سمیت مختلف خدمات فراہم کر رہے ہیں۔

نئے ایمس میں او پی ڈی کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ درج کیا گیا ہے۔ مالی سال 2021-22 میں جہاں 50.03 لاکھ او پی ڈی کنسلٹیشن ہوئے تھے، وہیں 2022-23 میں یہ تعداد بڑھ کر 77.95 لاکھ اور 2023-24 میں 100.52 لاکھ ہوگئی۔ اسی طرح 2024-25 میں 129.98 لاکھ اور 2025-26 میں 144.96 لاکھ او پی ڈی کنسلٹیشن درج کیے گئے۔مالی سال 2026-27 میں اکتوبر 2026 تک نئے ایمس میں 97.41 لاکھ او پی ڈی مریضوں نے طبی مشورے حاصل کیے۔وزارت نے بتایا کہ نئے ایمس میں انڈر گریجویٹ، پوسٹ گریجویٹ اور نرسنگ کی تعلیم کے مواقع بھی بڑھائے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ خصوصی کلینیکل سہولتوں اور جدید طبی خدمات کو فروغ دیا جا رہا ہے۔

حکومت کی یہ پہل ملک میں طبی تعلیم، تحقیق اور اعلیٰ معیار کی صحت خدمات کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ نئے ایمس کے قیام اور توسیع سے لوگوں کو اپنے علاقوں کے قریب بہتر اور ماہرین کے ذریعے علاج کی سہولت فراہم کرنے میں بھی مدد مل رہی ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / Mohammad Khan


 rajesh pande