
نئی دہلی، 10 نومبر (ہ س)۔ ہندوستان نے بنگلہ دیش کی راجدھانی ڈھاکہ کی جھگی بستیوں کو ’نئی دہلی‘ بتا کر ملک کی شبیہ خراب کرنے والے چینی بلاگرز اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز کے خلاف متعلقہ حکام سے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے منگل کو پریس کانفرنس کے دوران اس حرکت کو انتہائی افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ من گھڑت پروپیگنڈے کے ذریعے کسی ملک کی غلط تصویر پیش کرنے سے ایسا کرنے والوں کی ساکھ ہی متاثر ہوتی ہے۔
جیسوال نے کہا کہ ہم نے اس سلسلے میں میڈیا رپورٹس دیکھی ہیں۔ کسی بھی ملک کی خراب شبیہپیش کرنے کی ایسی کوششیں افسوس ناک ہیں۔ جہاں تک غیر ملکی عناصر کی جانب سے ڈھاکہ کے بعض علاقوں کو نئی دہلی کے طور پر پیش کرنے کا معاملہ ہے، تو جھوٹی کہانیاں پھیلانے سے اس میں ملوث افراد اور ان کے پس پردہ لوگوںپر بھروسہ متاثر ہوتا ہے۔ ہم متعلقہ حکام سے اپیل کرتے ہیں کہ ان کے خلاف مناسب کارروائی کی جائے۔
بنگلہ دیشی میڈیا رپورٹس کے مطابق، تقریباً 150 چینی انفلوئنسرز اور لائیو اسٹریم کرنے والے افراد ڈھاکہ کے شمالی علاقوں اور ٹیک پارہ جیسی غریب بستیوں میں ویڈیو ریکارڈنگ اور لائیو اسٹریمنگ کر رہے ہیں۔ وہ اپنے چینی ناظرین کو ان مقامات کو ہندوستان کی راجدھانی نئی دہلی بتا کر دکھا رہے ہیں۔ یہ چینی شہری وی چیٹ اور ڈوئین جیسے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ہندوستان کے طرز زندگی، صفائی ستھرائی اور بنیادی ڈھانچے کے حوالے سے انتہائی قابل اعتراض دعوے کر رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، بعض ویڈیوز میں مقامی چائے کی دکانوں کو دکھاتے ہوئے گوموتر سے بنی چائے جیسے بے بنیاد دعوے بھی کیے گئے ہیں۔ یہ چینی انفلوئنسرز کم آمدنی والے علاقوں میں بغیر اجازت لوگوں کے گھروں کے اندر تک داخل ہو کر ویڈیوز بنا رہے ہیں، جس سے مقامی باشندے بھی ان کی حرکتوں سے پریشان ہیں۔
ہندوستھا ن سماچار
ہندوستھان سماچار / محمد شہزاد