
نئی دہلی، 10 نومبر(ہ س)۔ مصنوعی ذہانت (اے آئی) چِپ بنانے والی کمپنی این ویڈیا کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) جینسن ہوانگ ان دنوں اپنی نجی زندگی اور چین سے متعلق جاسوسی کے الزامات کے باعث خبروں میں ہیں۔ چینی خاتون کے ساتھ مبینہ تعلقات کی خبروں کے درمیان ہوانگ فوربس کی دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں ایک مقام نیچے کھسک کر دسویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
فوربس کی جانب سے جاری تازہ فہرست کے مطابق، 9 نومبر کو امریکی شیئر بازار میں کاروبار شروع ہونے کے پہلے نصف گھنٹے کے دوران ہوانگ کی مجموعی دولت گھٹ کر 154.7 ارب ڈالر رہ گئی۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق ان کی دولت میں 6.80 ارب ڈالر کی کمی درج کی گئی، جس کے بعد ان کی مجموعی دولت 155.4 ارب ڈالر یعنی تقریباً 14.32 لاکھ کروڑ روپے رہ گئی۔ ہندوستانی کرنسی میں ان کی دولت میں تقریباً 63 ہزار کروڑ روپے کی کمی ہوئی ہے۔اس گراوٹ کے ساتھ ہی وہ دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں آٹھویں مقام سے پھسل کر دسویں نمبر پر آگئے ہیں۔ اب وارن بفٹ اور اوریکل کے شریک بانی لیری ایلیسن بھی ان سے آگے نکل گئے ہیں۔ اس سے پہلے 6 نومبر کو بھی ان کی دولت میں بڑی کمی درج کی گئی تھی۔
جینسن ہوانگ کی دولت میں اس گراوٹ کی بڑی وجہ این ویڈیا کے شیئرز میں ہونے والی فروخت بتائی جارہی ہے۔ کمپنی کا شیئر 7.97 ڈالر یعنی 4.27 فیصد گر کر 178.67 ڈالر پر بند ہوا۔ کاروبار کے دوران اس میں 8 فیصد سے زیادہ کی گراوٹ آئی اور قیمت تقریباً 170 ڈالر تک پہنچ گئی تھی، تاہم بعد میں کچھ بہتری بھی دیکھی گئی۔
رپورٹ کے مطابق، سنگاپور کی کاروباری خاتون ایلس ہوانگ کے ساتھ مبینہ تعلقات اور جاسوسی سے متعلق الزامات کے باعث ان کی دولت میں ایک ہی دن میں 7.4 ارب ڈالر (تقریباً 700 ارب روپے) کی کمی ہوئی ہے۔ ان الزامات کے درمیان کمپنی کے شیئرز پر مسلسل دباؤ برقرار ہے۔فوربس کی ریئل ٹائم فہرست کے مطابق ایلون مسک دنیا کے امیر ترین شخص ہیں۔ ان کے بعد جیف بیزوس اور لیری پیج کا مقام ہے۔ اس فہرست کے ابتدائی دس افراد میں مارک زکربرگ، سرگئی برن اور مائیکل ڈیل جیسے ٹیکنالوجی شعبے کے بڑے نام بھی شامل ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ جینسن ہوانگ کی دولت کا بڑا حصہ این ویڈیا میں ان کی حصہ داری سے وابستہ ہے۔ ان کے پاس کمپنی کے 3.5 فیصد سے زیادہ شیئرز ہیں اور وہ این ویڈیا کے سب سے بڑے انفرادی شیئر ہولڈر ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / Mohammad Khan