
اے ایم یو کی فیکلٹی ممبر نے فطرت اور انسانی اقدار پر مبنی فن پاروں کی نمائش منعقد کی
علی گڑھ، 10 نومبر (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ فنونِ لطیفہ کی فیکلٹی ممبر ڈاکٹر اسماء کاظمی نے ایک انفرادی آرٹ نمائش منعقد کی، جس میں پیش کی گئی پینٹنگز فنکارانہ تخلیقی صلاحیتوں، انسانی اقدار اور فطرت سے گہری وابستگی کی عکاس تھیں۔
نمائش کا افتتاح اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے کیا۔ انہوں نے فن پاروں کو سراہتے ہوئے ان کی پیشکش کو شاندار قرار دیا۔ اس موقع پر پراکٹر محمد نفیس احمد انصاری اور شعبہ ہندی کی پروفیسر عفت اصغر بھی موجود تھیں۔ اے ایم یو کے سابق وائس چانسلر پروفیسر محمد گلریز، فیکلٹی آف آرٹس کے ڈین پروفیسر محمد رضوان خان اور دیگر اساتذہ نے بھی نمائش کا دورہ کیا اور انسانی اقدار کی عکاسی اور فطرت سے گہری وابستگی کے اظہار کے لیے فن پاروں کو سراہا۔
نمائش کی ایک نمایاں خصوصیت پورٹریٹس میں سہ جہتی تاثر تھا، جس نے ان میں پیش کیے گئے کرداروں کو حقیقت سے قریب تر بنا دیا تھا۔ اسی طرح قدرتی مناظر اور فطرت پر مبنی پینٹنگز میں گہرائی، تناظر اور مکانی ترتیب کے استعمال نے بھی شائقین کی توجہ حاصل کی۔
ہندوستھان سماچار
--------------
ہندوستھان سماچار / سید کامران علی گڑھ