
اے ایم یو کی فیکلٹی ممبر کو نیپال میں عالمی مصنف ایوارڈ سے نوازا گیا
علی گڑھ، 10 نومبر (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے ویمنس کالج کی ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر نازش بیگم کو نیپال کے شہر کاٹھمنڈو میں منعقدہ ایک تقریب میں ‘خواتین اور ادب’ کے زمرے میں گلوبل آتھر ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اِنفینٹی سروسز کے زیر اہتمام اس ایوارڈ کے ذریعہ ہندی ادب، خواتین کی تحریروں اور علمی و تحقیقی خدمات میں ان کی نمایاں خدمات کا اعتراف کیا گیا۔
یہ ایوارڈ نیپالی فلم ساز پرکاش شایلی، نیپال کی سابق رکن پارلیمنٹ اور ماہر امراضِ نسواں پروفیسر چندا کارکی اور انفینٹی سروسز کی بانی و تقریب کی کوآرڈینیٹر شیتل کھڑکا نے پیش کیا۔ تقریب میں نیپال کے مؤرخ پروفیسر سریندر کے سی، جیوری اراکین شویتالی ٹھاکرے اور سندھیا راجیشوری شاہ کے علاوہ مختلف ممالک کے ادیبوں اور ممتاز مہمانوں نے شرکت کی۔
ڈاکٹر نازش بیگم کی علمی خدمات میں ان کی کتاب ‘‘فاطمہ شیخ اور مسلم مہیلا چیتنا: شکشا سے ساماجک پریورتن تک ’’ کو خاص مقام ہے۔ اس میں نامور سماجی و تعلیمی مصلح فاطمہ شیخ اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعلیمی وراثت سے وابستہ دیگر ممتاز خواتین کی تعلیمی و سماجی خدمات کو اجاگر کیا گیا ہے۔ ان میں وحید جہاں بیگم (اعلیٰ بی)، ممتاز جہاں حیدر، ڈاکٹر رشید جہاں، اے ایم یو کی پہلی خاتون وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون اور جامعہ ملیہ اسلامیہ کی پہلی خاتون وائس چانسلر پدم شری پروفیسر نجمہ اختر شامل ہیں۔
کتاب میں دیگر نمایاں مسلم خواتین کی خدمات کو بھی دستاویزی شکل دی گئی ہے، جن میں ہندوستان کی پہلی مسلم خاتون وزیر اعلیٰ سید انورہ تیمور، سابق مرکزی وزیر محسنہ قدوائی، ناسا کی سائنس داں ڈاکٹر ہاشمہ حسن، اسرو کے چندریان مشن سے وابستہ خوشبو مرزا اور شانتی سوروپ بھٹناگر ایوارڈ یافتہ ڈاکٹر بشریٰ عتیق شامل ہیں۔
ہندوستھان سماچار
--------------
ہندوستھان سماچار / سید کامران علی گڑھ