

نئی دہلی، 10 نومبر (ہ س)۔ کانگریس 13 اور 14 نومبر کو حیدرآباد میں بھارت سمٹ کا انعقاد کرے گی۔ اس میں 70 ممالک کے تقریباً ایک ہزار نمائندے شرکت کریں گے۔ ان میں پالیسی سازوں کے علاوہ دنیا کے مختلف ممالک کی ترقی پسند تحریکوں سے وابستہ اہم رہنما بھی شامل ہوں گے۔ سمٹ میں نئے عالمی نظام، جغرافیائی سیاسی تبدیلیوں، موسمیاتی تبدیلی، میڈیا کے کردار اور اطلاعات کی صداقت سمیت مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
سابق وزیر خارجہ اور کانگریس کے شعبہ خارجہ کے صدر سلمان خورشید نے منگل کو یہاں کانگریس ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس سمٹ کا انعقاد دو اہم مواقع کی مناسبت سے کیا جا رہا ہے۔ ان میں پنڈت جواہر لعل نہرو کے 137ویں یوم پیدائش اور ہندوستان کی آزادی کے 80 سال مکمل ہونا شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نہرو کے نظریات آج بھی کانگریس کی خارجہ پالیسی اور اس کے نقطہ نظر کے لیےباعث ترغیب ہیں۔ سمٹ کا مقصد ہندوستان اور دنیا کے مستقبل نیز نئے عالمی نظام کے حوالے سے راہل گاندھی کے تصور پر غور و خوض کرنا ہے۔ اس دوران 12 بین الاقوامی اجلاس اور تلنگانہ پر مرکوز آٹھ اجلاس منعقد کیے جائیں گے۔
تلنگانہ کے اطلاعاتی ٹیکنالوجی ،ا لیکٹرانکس و مواصلات، صنعت و تجارت اور پارلیمانی امورکے وزیر شری دھر بابو ڈوڈیلا نے کہا کہ مختلف ممالک سے آنے والے نمائندوں کے درمیان تبادلہ خیال سے تلنگانہ کی حکمرانی اور عوام کو فائدہ پہنچے گا۔ بین الاقوامی اجلاس حیدرآباد انٹرنیشنل کنونشن سینٹر (ایچ آئی سی سی) میں، جبکہ تلنگانہ سے متعلق اجلاس ہائی ٹیکس میں منعقد ہوں گے۔ ان اجلاس میں فیوچر سٹی اور شہری کاری، اقتصادی و سماجی انصاف، فلاحی پالیسیاں، کوآپریٹیو وفاقیت، ثقافت، نوجوانوں اور کھیلوں کے علاوہ انتخابات کی شفافیت جیسے موضوعات پر بحث ہوگی۔
شری دھر بابو نے کہا کہ بھارت سمٹ میں شرکت کرنے والے مندوبین کو دسمبر میں ہونے والی انویسٹ تلنگانہ گلوبل سمٹ 2026 میں بھی مدعو کیا جائے گا۔ یہ پروگرام 7 سے 9 دسمبر تک منعقد ہوگا، جس میں سرمایہ کاری کے ممکنہ مواقع پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
تلنگانہ پردیش کانگریس کے صدر بوما مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ ریاست میں دوسری مرتبہ اتنے بڑے پیمانے پر اس طرح کا انعقاد ہو رہا ہے۔ اس میں تقریباً 70 ممالک کے ترقی پسند مفکرین شرکت کریں گے۔ انہوں نے اسے ریاست کے لیے باعث فخر موقع قرار دیا۔
کانگریس کے جنرل سکریٹری گوردیپ سنگھ سپل نے کہا کہ گزشتہ 15 برسوں کے دوران ہندوستان سمیت پوری دنیا میں نفرت اور تقسیم کی سیاست میں اضافہ ہوا ہے، جس کا نقصان عوام کو اٹھانا پڑا ہے۔ دنیا کی ترقی پسند اور لبرل جماعتیں بھی اس چیلنج کو سمجھ رہی ہیں۔ کانگریس نے اس طرح کی سیاست کے خلاف دنیا کی سیاسی جماعتوں کو متحد کرنے کی پہل کی ہے۔ گزشتہ سال بھی حیدرآباد میں بھارت سمٹ کا انعقاد کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ آج اطلاعاتی ٹیکنالوجی کے شعبے کی بڑی کمپنیاں عالمی سیاست پر اثر انداز ہو رہی ہیں اور سیاسی عمل میں کمپنیوں کا اثر و رسوخ بڑھتا جا رہا ہے۔ ایسے میں سیاسی جماعتوں کے درمیان تبادلہ خیال اور فکری مباحثہ ضروری ہے، تاکہ سماج اور سیاست سے وابستہ افراد ان چیلنجوں کا عملی حل تلاش کر سکیں۔ راہل گاندھی کے برلن دورے کے دوران دنیا کی ترقی پسند سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کو شامل کرکے ایک تھنک ٹینک تشکیل دینے کا خیال سامنے آیا تھا۔ اس کی شروعات حیدرآباد میں ہونے والی بھارت سمٹ سے ہوگی، جس میں 70 تھنک ٹینک شرکت کریں گے۔
ہندوستھا ن سماچار
ہندوستھان سماچار / محمد شہزاد