
امرتسر، 10 نومبر (ہ س)۔
امرتسر دیہی پولیس نے مرکزی ایجنسی اور بارڈر سکیورٹی فورس(بی ایس ایف) کے تعاون سے مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے غیر قانونی اسلحہ اور منشیات کی اسمگلنگ کرنے والے گروہوں کا پردہ فاش کیا ہے۔ ان کارروائیوں میں تین نابالغوں سمیت سات افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس نے ان کے قبضے سے آر پی جی اینٹی ٹینک میزائل لانچر، دو پستول، 106 زندہ کارتوس اور بھاری مقدار میں منشیات برآمد کی ہیں۔
پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس گورو یادو نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کی شناخت گرکرپال سنگھ عرف گرپال، لوپریت سنگھ عرف نوپریت، بلکار سنگھ اور سکھجیت سنگھ کے طور پر ہوئی ہے۔ ان کے علاوہ تین نابالغوں کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان مبینہ طور پر بیرون ملک بیٹھے اپنے سرغنوں کے رابطے میں تھے، جو انہیں غیر قانونی اسلحہ اور منشیات فراہم کرواتے تھے۔
کارروائیوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے بارڈر رینج کے انسپکٹر جنرل آف پولیس گرپریت سنگھ بھلر نے کہا کہ پہلی کارروائی میں گرکرپال سنگھ اور اس کے ایک نابالغ ساتھی کے قبضے سے آر پی جی لانچر برآمد کیا گیا۔ دوسری کارروائی میں لوپوکے پولیس اور بی ایس ایف نے لوپریت سنگھ کو دو گلاک پستول اور گولہ بارود کے ساتھ گرفتار کیا۔تیسری کارروائی میں بھنڈی سیداں پولیس نے بلکار سنگھ، سکھجیت سنگھ اور دو نابالغوں کو 2.3 کلوگرام آئس کے ساتھ پکڑا۔ پولیس کے مطابق بلکار سنگھ سرحد پار سے ڈرون کے ذریعے منشیات منگوانے میں ملوث تھا۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کنول پریت سنگھ چہل نے بتایا کہ دو دیگر کارروائیوں کے دوران 7.904 کلوگرام ہیروئن اور 5.152 کلوگرام افیم بھی برآمد کی گئی۔ پولیس نے ایک ڈرون، جی پی ایس آلات اور پانچ موبائل فون بھی ضبط کیے ہیں۔اس سلسلے میں مختلف تھانوں میں پانچ مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ پولیس اس نیٹ ورک سے وابستہ دیگر ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے مزید تحقیقات کر رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / Mohammad Khan