
جیوتر مٹھ، یکم نومبر (ہ س)۔ اتراکھنڈ کے ضلع چمولی میں جوشی مٹھ کے نزدیک پیش آئے ہیلی کاپٹر حادثے میں جان گنوانے والے تمام چھ افراد کی لاشیں برآمد کر کے ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔ تمام لاشوں کو ضروری ضابطوں کی تکمیل کے بعد ہیلی کاپٹر کے ذریعے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمز)، رشی کیش منتقل کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 30 اکتوبر کو ٹرانس بھارت ایوی ایشن پرائیویٹ لمیٹڈ کا اے ایس-350 بی-3 ہیلی کاپٹر بدری ناتھ ہیلی پیڈ سے دوپہر تقریباً 1.14 بجے دہرادون کے سہستر دھارا ہیلی پیڈ کے لیے روانہ ہوا تھا، جس میں پائلٹ سمیت کل چھ افراد سوار تھے۔ یہ ہیلی کاپٹر جوشی مٹھ کے چائی گاؤں سے ملحقہ دشوار گزار اور گھنے جنگلاتی رقبے میں گر کر تباہ ہو گیا تھا، جس کے نتیجے میں سوار تمام افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے تھے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ہندوستانی فوج، بھارت-تبت بارڈر پولیس (آئی ٹی بی پی)، ریاستی ڈیزاسٹر رسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف)، نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف)، پولیس، ضلع انتظامیہ اور محکمہ جنگلات کے دستوں نے مشترکہ تلاش و بچاؤ مہم شروع کی۔ اونچائی، ناموافق موسم اور گاڑیوں کی آمد و رفت کا راستہ نہ ہونے کے باعث جوانوں نے کٹھن پہاڑی راستوں پر میلوں پیدل سفر طے کر کے جائے حادثہ تک رسائی حاصل کی۔
مشترکہ ٹیموں نے نہایت احتیاط کے ساتھ لاشوں کو پہاڑی کھائی سے نکال کر سڑک کے راستے تک پہنچایا، جہاں سے انہیں جوشی مٹھ کے کمیونٹی ہیلتھ سینٹر لایا گیا۔ وہاں ضروری قانونی اور طبی ضابطے پورے کرنے کے بعد، این ٹی پی سی ہیلی پیڈ سے خصوصی ہیلی کاپٹر کے ذریعے تمام چھ لاشیں ایمز رشی کیش روانہ کر دی گئیں۔ اس کامیاب کارروائی کے ساتھ ہی حادثے سے متعلق جائے وقوع پر تمام تر ریسکیو سرگرمیاں باضابطہ طور پر مکمل ہو گئی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / انظر حسن