
نئی دہلی، یکم نومبر (ہ س)۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو، نائب صدر جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن اور وزیر اعظم نریندر مودی سمیت متعدد لیڈران نے اتوار کے روز آندھرا پردیش، انڈمان و نکوبار جزائر، چنڈی گڑھ، چھتیس گڑھ، دہلی، ہریانہ، کرناٹک، کیرالہ، لکشدیپ، مدھیہ پردیش، پڈوچیری، پنجاب اور تمل ناڈو کے عوام کو ان کی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے یومِ تاسیس پر دلی مبارکباد پیش کی۔
صدر جمہوریہ مرمو نے ایکس پر لکھا، ’’اپنے بھرپور ثقافتی ورثے اور گوناگوں روایات کے ساتھ، ان ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں نے ہندوستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ میں ان ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے عوام کی خوشحالی اور فلاح و بہبود کے لیے نیک خواہشات پیش کرتی ہوں۔‘‘
نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ ان میں سے ہر ایک ریاست اپنے منفرد ثقافتی ورثے، متحرک روایات اور ملک کی ترقی میں دیے گئے گراں قدر تعاون سے مالامال ہے۔ یہ ریاستیں ترقی، خوشحالی اور ہمہ جہت پیش رفت کی راہ پر مسلسل آگے بڑھتی رہیں اور ’وکست بھارت‘ (ترقی یافتہ ہندوستان) کے وژن میں اپنا تعاون دیتی رہیں۔
وزیر اعظم مودی نے کہا کہ تمل ناڈو کے محنتی اور باہمت لوگوں نے ہندوستان کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ مینوفیکچرنگ، آٹوموبائل اور ٹیکسٹائل سے لے کر الیکٹرانکس، خلائی ٹیکنالوجی، شعبہ صحت اور ابھرتی ہوئی صنعتوں تک، ریاست نے جدت، ہنر اور صنعتی مہارت کے ذریعے اپنی شناخت قائم کی ہے۔ تمل ناڈو کے لوگ اپنی ثقافتی شناخت اور روایات پر بے حد فخر کرتے ہیں۔ تمل ثقافت نے ملک کے تہذیبی سفر کو بے شمار طریقوں سے مالامال کیا ہے۔ یہ موقع آنے والے وقت میں تمل ناڈو کے ہر فرد کے لیے خوشیاں، کامیابی اور نئے مواقع لے کر آئے۔ شاندار تاریخ، بے مثال بہادری اور بھرپور ثقافت سے آراستہ ریاست ہریانہ ملک کا فخر ہے۔ یہاں کی لوک روایات اور متحرک دیہی ثقافت نے ہمیشہ ملک کے ثقافتی ورثے کو پروان چڑھایا ہے۔ ہریانہ کے لوگوں نے اپنی سخت محنت اور لگن سے زراعت، کھیل کود اور دفاعی خدمات سے لے کر صنعت، تعلیم اور اسٹارٹ اپس تک اپنی صلاحیت اور پختہ عزم کا لوہا منوایا ہے۔ یہاں کے کھلاڑی ترنگے کا وقار بڑھا رہے ہیں، تو وہیں کسان ملک کے غذائی تحفظ کو مستحکم کر رہے ہیں۔
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ پرشکوہ تہذیبی ورثے، متحرک ثقافت اور روایات کے حامل آندھرا پردیش اور یہاں کے عوام نے ہندوستان کی ترقی میں اہم حصہ ڈالا ہے۔ یہاں کے لوگوں کی انتھک محنت، کاروباری صلاحیت اور امنگیں ریاست کے ترقیاتی سفر کو مسلسل نئی شکل دے رہی ہیں۔ آندھرا پردیش ترقی، خوشحالی اور اپنے تمام شہریوں کے لیے نئے مواقع کی راہ پر مسلسل گامزن رہے۔
مرکزی وزیر داخلہ و امدادباہمی امت شاہ نے کہا کہ دلکش قدرتی خوبصورتی اور بے پناہ انسانی صلاحیتوں سے مالامال کیرالہ، ہندوستان کے وقار میں مزید اضافہ کرتا ہے۔ یہ ریاست مسلسل ترقی اور خوشحالی کی جانب آگے بڑھتی رہے۔ یہاں کے باصلاحیت لوگوں کی سخت محنت، مہارت اور لگن کے بل بوتے پر، آندھرا پردیش نہ صرف خوشحالی کی جانب گامزن ہوا ہے، بلکہ ملک کی ترقی میں بھی غیر معمولی تعاون دیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / انظر حسن