
بھاگلپور، یکم نومبر(ہ س)۔ بھاگلپورریلوے اسٹیشن کے گیٹ نمبر 6 کے باہر اتوار کی صبح موبائل چھیننے کی مخالفت کرنے پر جرائم پیشہ افراد نے فائرنگ اور چاقو سے حملہ کر دیا، جس میں دو نوجوان شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کی شناخت مجاہد پور تھانہ علاقے کے محمد معراج اور مونٹی کے طور پر ہوئی ہے۔ معراج کے ہاتھ میں گولی لگی ہے، جبکہ مونٹی چاقو کے وار سے زخمی ہوا ہے۔اطلاعات کے مطابق تین بدمعاش موٹرسائیکل پرسوار ہوکر ایک مسافر کا موبائل چھین کر فرار ہو رہے تھے۔ اسی دوران معراج نے انہیں روک کر موبائل واپس کرنے کوکہا۔ اس پربدمعاشوں نے پستول سے فائرنگ کر دی۔ تقریباً آدھے گھنٹے بعد ملزمین اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ دوبارہ موقع پر پہنچے اورگیٹ نمبر 6 کے باہراندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ اس دوران اسٹیشن کے ٹکٹ کاؤنٹر اور پارکنگ کے قریب بھی گولیاں چلائی گئیں۔ بدمعاشوں نے معراج اور مونٹی پر چاقو اور تلوارسے حملہ کیا، جس سے دونوں شدید زخمی ہو گئے۔واقعے کے بعد اسٹیشن پر موجود مسافروں میں افراتفری مچ گئی۔ اطلاع ملتے ہی ریلوے پولیس موقع پر پہنچی اور زخمیوں کو علاج کے لیے جواہر لعل نہرومیڈیکل کالج اسپتال، مایا گنج میں داخل کرایا گیا۔جی آر پی تھانہ انچارج انسپکٹر نسیم احمد نے فائرنگ اور چاقو بازی کے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ معاملے میں ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔ فرار ملزمین کی شناخت اور گرفتاری کے لیے پولیس چھاپہ ماری کر رہی ہے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / Mohammad Afzal Hassan