بنگلہ دیش میں بس حادثہ : ایک شخص ہلاک ، جماعت اسلامی کے 30 کارکن زخمی
ڈھاکہ (بنگلہ دیش)، یکم نومبر (ہ س) — ملک کے جنوب مغربی حصے میں واقع کھلنا ڈویژن کے علاقے ستخیرا کے پٹکیل گھاٹا میں ایک بس حادثے کے نتیجے میں ایک راہگیر ہلاک اور جماعتِ اسلامی کے کم از کم 30 کارکن زخمی ہو گئے۔ کارکنوں کو لے جانے والی یہ بس سڑک سے ات
بنگلہ دیش میں بس حادثہ : راہگیر ہلاک، جماعت اسلامی کے 30 کارکن زخمی


ڈھاکہ (بنگلہ دیش)، یکم نومبر (ہ س) — ملک کے جنوب مغربی حصے میں واقع کھلنا ڈویژن کے علاقے ستخیرا کے پٹکیل گھاٹا میں ایک بس حادثے کے نتیجے میں ایک راہگیر ہلاک اور جماعتِ اسلامی کے کم از کم 30 کارکن زخمی ہو گئے۔ کارکنوں کو لے جانے والی یہ بس سڑک سے اتر کر قریبی کھائی میں جا گری۔ یہ واقعہ ہفتے کی رات تقریباً ساڑھے 8 بجے کھلنا-ستخیرا ہائی وے پر ’چارا بوتلا‘ کے مقام پر پیش آیا۔ جماعت کے یہ کارکن کھلنا میں منعقدہ حزب اختلاف کی 11 جماعتی اتحاد کے ’روڈ مارچ‘ میں شرکت کے بعد واپس آ رہے تھے۔

’ڈھاکہ ٹریبیون‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق، ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت 65 سالہ عبدالخالق ملا کے طور پر ہوئی ہے، جو پٹکیل گھاٹا کے گاؤں کاشیادانگا کے رہائشی تھے۔ ان کے پڑوسی، ریپن ملا نے بتایا کہ جماعت کے کارکن کھلنا میں روڈ مارچ میں شرکت کے بعد بس کے ذریعے ستخیرا واپس جا رہے تھے۔ جب عبدالخالق ’چارا بوتلا‘ چوراہے کے قریب سڑک پار کر رہے تھے تو بس کی زد میں آ گئے اور موقع پر ہی دم توڑ دیا۔ ٹکر لگنے کے بعد بس سڑک سے اتر کر کھائی میں جا گری۔

جماعتِ اسلامی بنگلہ دیش کی ستخیرا یونٹ کے جنرل سیکرٹری عزیز الرحمٰن نے بتایا کہ جب بس روڈ مارچ سے واپس آ رہی تھی تو اچانک ایک معمر شخص بس کے سامنے آ گیا۔ انہوں نے کہا، اس شخص کو بچانے کی کوشش میں، ہماری قیادت اور کارکنوں کو لے جانے والی بس سڑک سے اتر کر کھائی میں جا گری، جس کے نتیجے میں کم از کم 30 کارکن زخمی ہو گئے اور وہ معمر شخص بھی اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ پٹکیل گھاٹا پولیس اسٹیشن کے انچارج افسر، تفضل حسین نے حادثے کی تصدیق کی۔ انہوں نے بتایا کہ بس ڈرائیور کی حالت تشویشناک ہے، جبکہ دیگر افراد کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستھان سماچار / عبدالواحد


 rajesh pande