
وانتا، 08 اکتوبر (ہ س)۔
ورلڈ چیمپئن شپ کے تمغہ جیتنے والے کدامبی شری کانت اور ایچ ایس پرنوئے کو بدھ کے روز یہاں آرکٹک اوپن 2026 کے مردوں کے سنگلز زمرے کے پہلے راونڈ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اولمپکس ڈاٹ کام کے مطابق، دنیا کے 31ویں نمبر کے کھلاڑی شری کانت کو کینیڈا کے 34ویں نمبر کے برائن یانگ نے 15-21، 21-15، 21-13سے ہرایا۔
شری کانت نے مقابلے کی شروعات شاندار انداز میں کرتے ہوئے پہلا گیم اپنے نام کیا، لیکن یانگ نے اگلے دونوں گیم جیت کر ہندوستانی کھلاڑی کا چیلنج ختم کر دیا۔
دنیا کے 38ویں نمبر کے پرنوئے کو چوتھی ترجیح یافتہ ڈنمارک کے اینڈرس اینٹونسن کے خلاف 21-10، 9-21 سے شکست جھیلنی پڑی۔ پرنوئے پورے مقابلے میں جدوجہد کرتے نظر آئے اور سیدھے گیموں میں ہار کر ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے۔
البتہ، مردوں کے ڈبلز میں ہندوستان کو کرشن پرساد گراگا اور پرتھوی کرشن مورتی رائے نے بڑی کامیابی دلائی۔ غیر ترجیحی ہندوستانی جوڑی نے پانچویں ترجیح یافتہ چین کے ہی جی تنگ اور رین شیانگ یو کو 61 منٹ تک جاری رہنے والے مقابلے میں21-10 ، 18-21، 20-22 سے ہرا کر آخری 16 میں جگہ بنائی۔ ہندوستانی جوڑی نے پہلا گیم گنوانے کے بعد شاندار واپسی کرتے ہوئے اگلے دونوں گیم جیت لیے۔
مردوں کے سنگلز میں تھارن منے پلی نے ہندوستان کی امیدیں قائم رکھیں۔ کوالیفائر کے ذریعے مین راونڈ میں پہنچنے والے تھارن نے ڈنمارک کے میگنس جوہانسن کو 16-21، 14-21 سے ہرا کر دوسرے راونڈ میں داخلہ حاصل کیا۔ اب ان کا سامنا کوارٹر فائنل میں جگہ بنانے کے لیے دوسری ترجیح یافتہ فرانس کے کرسٹو پوپوف سے ہوگا۔
کوالیفائر کے ذریعے مین راونڈ میں پہنچنے والے رونک چوہان کو چین کے وینگ ہونگ یانگ کے خلاف سخت مقابلے میں20-22 ، 22-20، 17-21 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ رونک نے پہلا گیم ہارنے کے بعد دوسرے گیم میں واپسی کرتے ہوئے مقابلے کو فیصلہ کن گیم تک پہنچایا، لیکن وینگ نے تیسرا گیم جیت کر ہندوستانی کھلاڑی کا سفر ختم کر دیا۔
خواتین کے سنگلز میں دو بار کی اولمپک میڈلسٹ پی وی سندھو اور تانوی شرما جمعرات کو اپنی مہم کا آغاز کریں گی۔ چھٹی ترجیح یافتہ سندھو کا مقابلہ جاپان کی ریکو گنجی سے ہوگا، جبکہ تانوی سرفہرست ترجیح یافتہ اور سابق عالمی چیمپئن تھائی لینڈ کی رتچانوک انتانون کے خلاف کورٹ میں اتریں گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن