
نئی دہلی، 08 اکتوبر (ہ س)۔ پلاسٹک جوائننگ اور آٹومیشن سلوشنز فراہم کرنے اور بزنس ٹو بزنس (بی2بی) ماڈل سے وابستہ کمپنی ایس جے پی الٹراسونکس لمیٹڈ کے حصص نے آج اسٹاک مارکیٹ میں مضبوط انٹری کی۔ آئی پی او کے تحت کمپنی کے حصص 67 روپے کی قیمت پر جاری کیے گئے تھے۔ آج بی ایس ای کے ایس ایم ای پلیٹ فارم پر ان کی لسٹنگ 10.75 فیصد پریمیم کے ساتھ 74.20 روپے کی سطح پر ہوئی۔
مضبوط لسٹنگ کے بعد فروخت کا دباؤ بننے پر یہ حصص کچھ دیر کے لیے پھسل کر 73 روپے کی سطح پر آ گئے۔ تاہم کچھ ہی دیر بعد خریداروں نے دوبارہ خریداری شروع کر دی، جس سے حصص میں تیزی آ گئی۔ خریداری کے تعاون سے یہ حصص اچھل کر 77.91 روپے کی اپر سرکٹ سطح پر پہنچ گئے۔ تاہم اس سطح پر منافع وصولی شروع ہونے کے باعث کچھ ہی دیر میں اپر سرکٹ ٹوٹ گیا۔ دن بھر کی خرید و فروخت کے بعد یہ حصص 73 روپے کی سطح پر بند ہوئے۔ اس طرح پہلے روز کی تجارت میں کمپنی کے آئی پی او سرمایہ کاروں کو فی شیئر 6 روپے، یعنی 8.96 فیصد کا منافع ہوا۔
کمپنی کا 23.45 کروڑ روپے کا آئی پی او 30 ستمبر سے 5 اکتوبر کے درمیان سبسکرپشن کے لیے کھلا تھا۔ اس آئی پی او کو سرمایہ کاروں کی جانب سے کمزور ردعمل ملا، جس کے باعث یہ مجموعی طور پر 1.82 گنا سبسکرائب ہوا۔ ان میں نان انسٹی ٹیوشنل انویسٹرز (این آئی آئی) کے لیے مختص حصے میں 2.63 گنا سبسکرپشن حاصل ہوا۔ ریٹیل سرمایہ کاروں کے لیے مختص حصہ 1.01 گنا سبسکرائب ہوا۔
اس آئی پی او کے تحت 10 روپے کی فیس ویلیو والے مجموعی طور پر 35,00,000 نئے حصص جاری کیے گئے ہیں۔ آئی پی او کے ذریعے حاصل ہونے والی رقم کا استعمال کمپنی نئی مشینری خریدنے، ورکنگ کیپیٹل کی ضروریات پوری کرنے، پرانے قرض کے بوجھ کو کم کرنے، آئی پی او سے متعلق اخراجات کی ادائیگی اور عمومی کارپوریٹ مقاصد کے لیے کرے گی۔
ایس جے پی الٹراسونکس لمیٹڈ کی مالی حالت کی بات کریں تو کیپیٹل مارکیٹ ریگولیٹر سیبی کے پاس جمع کرائے گئے ریڈ ہیرنگ پراسپیکٹس (آر ایچ پی) میں کیے گئے دعوے کے مطابق کمپنی کی مالی صحت میں مسلسل بہتری آئی ہے۔ مالی سال 2023تا2024 میں کمپنی کو 3.40 کروڑ روپے کا خالص منافع ہوا تھا، جو اگلے مالی سال 2024تا2025 میں بڑھ کر 4.17 کروڑ روپے ہوگیا۔ گزشتہ مالی سال 2025تا2026 میں کمپنی کو 5.24 کروڑ روپے کا خالص منافع ہوا تھا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی