
نئی دہلی، 08 اکتوبر (ہ س)۔ لیب سے تیار کیے گئے ہیروں اور جیولری ڈیزائننگ کے شعبے سے وابستہ کمپنی نِتیاج جیمز اینڈ جیولری لمیٹڈ کے حصص نے آج اسٹاک مارکیٹ میں مضبوط انٹری کے ساتھ اپنے آئی پی او سرمایہ کاروں کو خوش کر دیا۔ آئی پی او کے تحت کمپنی کے حصص 75 روپے کی قیمت پر جاری کیے گئے تھے۔ آج بی ایس ای پر ان کی لسٹنگ 9.33 فیصد پریمیم کے ساتھ 82 روپے کی سطح پر، جبکہ این ایس ای پر 6.67 فیصد پریمیم کے ساتھ 80 روپے کی سطح پر ہوئی۔
مضبوط لسٹنگ کے بعد فروخت کا دباؤ بننے کی وجہ سے حصص گر کر 77 روپے کی سطح تک پہنچ گئے۔ اس کے بعد خریداروں نے خریداری شروع کی، جس سے حصص کی صورتحال میں بہتری آنے لگی۔ مسلسل خریداری کے تعاون سے یہ حصص بڑھ کر 86.09 روپے کی اپر سرکٹ سطح تک بھی پہنچ گئے۔ تاہم بعد میں منافع وصولی شروع ہونے کے باعث اپر سرکٹ ٹوٹ گیا۔ دن بھر کی خرید و فروخت کے بعد یہ حصص 84.15 روپے کی سطح پر بند ہوئے۔ اس طرح پہلے روز کی تجارت میں کمپنی کے آئی پی او سرمایہ کار فی شیئر 9.15 روپے، یعنی 12.20 فیصد کے فائدے میں رہے۔
اس کمپنی کا 108.35 کروڑ روپے کا آئی پی او 30 ستمبر سے 5 اکتوبر کے درمیان سبسکرپشن کے لیے کھلا تھا۔ اس آئی پی او کو سرمایہ کاروں کی جانب سے اوسط ردعمل ملا، جس کے نتیجے میں یہ مجموعی طور پر 2.26 گنا سبسکرائب ہوا۔ ان میں کوالیفائیڈ انسٹی ٹیوشنل بائرز (کیو آئی بی) کے لیے مختص حصہ 1.06 گنا (ایکس اینکر) سبسکرائب ہوا۔ اسی طرح نان انسٹی ٹیوشنل انویسٹرز (این آئی آئی) کے لیے مختص حصے میں 2.05 گنا سبسکرپشن حاصل ہوا۔ اس کے علاوہ ریٹیل سرمایہ کاروں کے لیے مختص حصہ 4.07 گنا اور ملازمین کے لیے مختص حصہ 2.82 گنا سبسکرائب ہوا۔
اس آئی پی او کے تحت 5 روپے کی فیس ویلیو والے مجموعی طور پر 1,44,56,000 نئے حصص جاری کیے گئے ہیں۔ آئی پی او کے ذریعے حاصل ہونے والی رقم کا استعمال کمپنی ورکنگ کیپیٹل کی ضروریات پوری کرنے، پرانے قرض کے بوجھ کو کم کرنے، آئی پی او سے متعلق اخراجات کی ادائیگی اور عمومی کارپوریٹ مقاصد کے لیے کرے گی۔
نِتیاج جیمز اینڈ جیولری لمیٹڈ کی مالی حالت کی بات کریں تو کیپیٹل مارکیٹ ریگولیٹر سیبی کے پاس جمع کرائے گئے ریڈ ہیرنگ پراسپیکٹس (آر ایچ پی) میں کیے گئے دعوے کے مطابق کمپنی کی مالی صحت میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ مالی سال 2023تا2024 میں کمپنی کو 4.02 کروڑ روپے کا خالص منافع ہوا تھا، جو اگلے مالی سال 2024تا2025 میں بڑھ کر 9.79 کروڑ روپے ہوگیا۔ وہیں گزشتہ مالی سال 2025تا2026 میں کمپنی کو 22.32 کروڑ روپے کا خالص منافع ہوا تھا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی