
گھٹنے کی چوٹ کے باعث عالمی نمبر ایک ٹینس کھلاڑی سِنر 2026 کے باقی سیزن سے باہر
نئی دہلی، 6 اکتوبر (ہ س)۔ عالمی نمبر ایک ٹینس کھلاڑی یانک سِنر نے منگل کو دائیں گھٹنے کی چوٹ کے باعث 2026 سیزن کے باقی ماندہ ٹورنامنٹس سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا۔ 25 سالہ اطالوی کھلاڑی سِنر نے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو کے ذریعے یہ اطلاع دی۔
سِنر نے کہا، مجھے اپنے گھٹنے کے علاج کا ایک مرحلہ مکمل کرنا ہے، جس کا مطلب ہے کہ 2026 کا سیزن باضابطہ طور پر ختم ہو گیا ہے۔
سِنر جولائی میں مسلسل دوسری مرتبہ ومبلڈن کا خطاب جیتنے کے بعد سے ہی مسابقتی ٹینس سے دور ہیں۔ گھٹنے کی چوٹ کے باعث اب وہ اس سیزن میں دوبارہ کورٹ پر نہیں اتر سکیں گے۔
سیزن کے باقی حصے سے دستبردار ہونے کے فیصلے کا مطلب ہے کہ سِنر سیزن کے اختتام پر ٹورین میں ہونے والے اے ٹی پی فائنلز میں مسلسل تیسری مرتبہ خطاب جیتنے کی کوشش بھی نہیں کر سکیں گے۔
سِنر نے کہا، گزشتہ چند برسوں، خاص طور پر ٹورین میں سیزن کے اختتام نے مجھے بہت خوبصورت احساسات اور جذبات دیے ہیں۔ اس سال حالات کافی مختلف ہونے والے ہیں، لیکن اس وقت مجھے اپنے طویل کیریئر کے بارے میں بھی سوچنا ہوگا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی