
نئی دہلی، 6 اکتوبر (ہ س)۔ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2027 سیزن سے قبل دہلی کیپیٹلز نے منگل کو بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سورو گنگولی کو اپنی ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا ہے۔ گنگولی 2019 میں ایڈوائزر کی حیثیت سے دہلی کیپیٹلز سے وابستہ ہوئے تھے۔
میڈیا کو جاری کی گئی معلومات کے مطابق، ان برسوں کے دوران انہوں نے کیپیٹلز کے ساتھ کئی اہم ذمہ داریاں نبھائی ہیں، جن میں مردوں اور خواتین، دونوں ٹیموں کے لیے ’ڈائریکٹر آف کرکٹ‘ کا عہدہ بھی شامل ہے۔
اپنی تقرری پر سورو گنگولی نے کہا کہ وہ ہیڈ کوچ کی ذمہ داری سنبھالنے کے لیے پرجوش ہیں اور دہلی کیپیٹلز ان کے دل کے بہت قریب ہے۔ انہوں نے مالکان، انتظامیہ، اسٹاف اور کھلاڑیوں کے ساتھ اپنے طویل عرصے سے جاری تعلق کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ نئے سیزن کے لیے ایک مضبوط اور بے خوف ٹیم تیار کرنے کے لیے باصلاحیت اسکواڈ کے ساتھ کام کرنے کے منتظر ہیں۔
انہوں نے کہا، ’’میں آئی پی ایل میں ہیڈ کوچ کی ذمہ داری سنبھالنے کے لیے پرجوش ہوں۔ دہلی کیپیٹلز ایک ایسی فرنچائز ہے جو میرے دل کے بہت قریب ہے اور جس کے ساتھ میرا کئی برسوں سے مضبوط رشتہ رہا ہے۔ میں نے مالکان، انتظامیہ، سپورٹ اسٹاف اور کھلاڑیوں کے ساتھ مل کر کام کیا ہے، جس کی وجہ سے یہ میرے لیے ایک دلچسپ ذمہ داری بن گئی ہے۔ ہمارے پاس باصلاحیت کھلاڑیوں کا گروپ ہے اور ہم نے حالیہ عرصے میں اچھی کرکٹ کھیلی ہے۔ میں اسکواڈ کے ساتھ کام کرنے، نئے سیزن اور ایک مضبوط اور بے خوف ٹیم تیار کرنے کے لیے پرجوش ہوں۔‘‘
دہلی کیپیٹلز کے چیئرمین اور شریک مالک پارتھ جندل نے کہا کہ گنگولی ہمیشہ سے فرنچائز کا اہم حصہ رہے ہیں اور ہیڈ کوچ کے طور پر ان کی تقرری پر فخر کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ گنگولی کا تجربہ، قیادت اور وژن ٹیم کو آئی پی ایل ٹائٹل کے لیے مضبوط تیاری کرنے میں مدد دے گا، ساتھ ہی کھلاڑیوں اور اسٹاف کو ان سے سیکھنے کا موقع بھی ملے گا۔
انہوں نے کہا، ’’دادا ہمیشہ سے دہلی کیپیٹلز خاندان کا اہم حصہ رہے ہیں۔ مجھے یہ بتاتے ہوئے بہت فخر اور اعزاز محسوس ہو رہا ہے کہ ہندوستان کے عظیم ترین کپتانوں اور منتظمین میں سے ایک اب دہلی کیپیٹلز کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے کوچنگ کی دنیا میں قدم رکھ رہے ہیں۔ میں انہیں اس ذمہ داری میں دیکھنے کے لیے پرجوش ہوں اور مجھے یقین ہے کہ ان کی نگرانی اور دوراندیش قیادت میں دہلی کیپیٹلز آئی پی ایل ٹائٹل کے لیے چیلنج پیش کرنے کے لیے بہترین انداز میں تیار ہوگی۔ میں اپنی پوری ٹیم کے کھلاڑیوں اور اسٹاف کے ساتھ دادا سے سیکھنے کا بے صبری سے انتظار کر رہا ہوں اور جلد ہی دہلی کی ٹیم کو میدان میں ایکشن میں دیکھنے کے لیے پرجوش ہوں۔‘‘
دہلی کیپیٹلز کے شریک مالک کرن کمار گاندھی نے کہا، ’’دادا برسوں سے دہلی کیپیٹلز کے سفر کا اہم حصہ رہے ہیں اور انہوں نے ہمارے کرکٹنگ ڈھانچے کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ فرنچائز کے بارے میں ان کی گہری سمجھ کے ساتھ ان کا تجربہ اور قیادت مستقبل میں ہمارے لیے انتہائی قیمتی ثابت ہوگی۔ ہمیں خوشی ہے کہ وہ ہیڈ کوچ کا عہدہ سنبھال رہے ہیں اور ہم ان کے وژن اور کرکٹنگ تجربے کو ٹیم میں شامل ہوتے دیکھنے کے لیے پرجوش ہیں۔ ہم انہیں دہلی کیپیٹلز کے ساتھ اس دلچسپ نئے باب کے آغاز کے لیے ڈھیروں نیک خواہشات پیش کرتے ہیں۔‘‘
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد