
بالاگھاٹ، 6 اکتوبر (ہ س) — راشٹریہ سویم سیوک سنگھ ( آر ایس ایس ) کے سربراہ موہن بھاگوت نے منگل کے روز کہا کہ دوسروں کے لیے قربانی، ایثار اور اپنا رول ادا کرنا بھارتی مٹی کی خصوصیت ہے۔ کیپٹن سمت مچھّر نے اپنے کردار اور خدمات کے ذریعے اس خوبی کو عملی طور پر ثابت کرکے دکھایا۔ موہن بھاگوت نے یہ بات مدھیہ پردیش کے بالاگھاٹ ضلع کے کارنجا میں بالاصاحب اور بھاؤراؤ دیورس یادگاری عمارت کے افتتاح اور مادھو نیتھرالیہ کے آنکھوں کے علاج اور معائنے کے مرکز کے آغاز کے موقع پر کہی۔ اس موقع پر مادھو نیتھرالیہ کے نکھل منڈلے، دیپک تامشیٹیوار، ڈاکٹر پون استھاپت، اتل شیرولکر اور پورویندو سکسینہ بھی موجود تھے۔
بھاگوت نے کہا کہ بھارتی انسان ہمیشہ دوسروں کے لیے مسلسل ایثار اور قربانی کرتے ہوئے ان کی زندگی کو خوشحال بنانے کے لیے جیتا آیا ہے۔ خدمت کا یہ جذبہ بھارتی مٹی کے تہذیبی اور اخلاقی اقدار میں ہی شامل ہے۔ یہی وجہ ہے کہ گزشتہ ایک ہزار برس میں دنیا میں جتنے عظیم انسان پیدا نہیں ہوئے ہوں گے، اتنے عظیم انسان صرف گزشتہ دو سو برس میں بھارت میں پیدا ہوئے۔
آر ایس ایس سربراہ نے کہا کہ بھارتی ثقافت میں خدمت کرنے والا شخص کبھی تکبر میں مبتلا نہیں ہوتا۔ ضرورت مند انسان میں نارائن کا روپ دیکھ کر اس کی مدد کرنا بھارتی ثقافت کی ایک نمایاں خصوصیت ہے۔ بالاصاحب اور بھاؤراؤ دیورس نے بھی اپنی زندگی میں اسی خدمت کے جذبے کو اپنایا۔ انہوں نے جھارکھنڈ کے دشوار گزار علاقوں میں بھاؤراؤ دیورس کی جانب سے سرسوتی شیشو مندر کے ذریعے قبائلی معاشرے کے لیے کیے گئے تعلیمی کام کا خصوصی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایکَل اسکول کے کام کی بنیاد رکھنے میں بھی بھاؤراؤ دیورس کا اہم کردار تھا اور انہوں نے ان کی خدمات پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ بے لوث اور بے غرض خدمت کے ذریعے انسان نسلوں تک لوگوں کی یادوں میں زندہ رہتا ہے۔ اس لیے بالاصاحب اور بھاؤراؤ دیورس نے جس جذبے کے ساتھ خدمت کے کام انجام دیے، اسی جذبے کے ساتھ ان کے مشن کو آگے بڑھانا ہی ان کے لیے حقیقی خراجِ عقیدت ہوگا۔
تقریب کے ابتدائی خطاب میں ٹرسٹ کے نائب صدر اروند مارڈیکر نے مرحوم بالاصاحب اور بھاؤراؤ دیورس کی زندگی اور خدمات کے ساتھ کارنجا گاؤں سے ان کے تعلق کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔ انہوں نے بھیا جی جوشی کی رہنمائی میں گزشتہ 30 برس سے دیورس برادران کی یادوں کو محفوظ رکھنے اور خدمت کے کام کے لیے کی جانے والی کوششوں پر بھی روشنی ڈالی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد