
نوئیڈا، 6 اکتوبر (ہ س) — دہلی سے بہار کے مظفرپور ضلع جا رہی ایک ڈبل ڈیکر بس میں منگل کی شام نوئیڈا ایکسپریس وے پر آگ لگ گئی۔ حادثے کے وقت بس میں 32 افراد سوار تھے، جنہیں بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔ مسافروں کا تمام سامان جل کر خاک ہوگیا۔ موقع پر پہنچنے والی فائر بریگیڈ کی گاڑیوں نے آگ پر قابو پالیا۔ حادثے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔
چیف فائر آفیسر پردیپ کمار چوبے نے بتایا کہ منگل کی شام فائر بریگیڈ کو اطلاع ملی کہ نوئیڈا ایکسپریس وے پر سیکٹر 150 کے قریب چلتی ہوئی ڈبل ڈیکر بس میں آگ لگ گئی ہے۔
اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی دو گاڑیاں موقع پر پہنچیں۔ نالج پارک تھانے کی پولیس اور پولیس کے سینئر افسران بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ کافی کوشش کے بعد آگ پر قابو پایا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم بس مکمل طور پر جل گئی۔ حادثے کے وقت بس میں 32 افراد سوار تھے۔ بس دہلی سے بہار کے مظفرپور جا رہی تھی۔
آگ لگنے کی وجہ سے مسافروں کا تمام سامان جل کر تباہ ہوگیا۔ مسافروں کو ان کی منزل مظفرپور، بہار تک پہنچانے کے لیے الگ بس کا انتظام کیا جا رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد