
تہران،31اکتوبر(ہ س)۔ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے مسلح افواج کو دشمن کی جانب سے کسی بھی دھمکی یا ممکنہ کارروائی کا فوری اور بھرپور جواب دینے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے فوجی قیادت کو دفاعی تیاریوں میں اضافہ کرنے، فوجی انٹیلی جنس کو مضبوط بنانے اور امریکا و اسرائیل سے متعلق ممکنہ اہداف کی فہرست کو اپ ڈیٹ کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مجتبیٰ خامنہ ای نے اس سلسلے میں ایک تحریری پیغام جاری کیا ہے، جس میں انہوں نے واضح کیا ہے کہ دشمن کی کسی بھی دھمکی کا جواب دینے میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔ ان کے مطابق ایران کا ردِعمل مؤثر، فوری اور جغرافیائی حدود سے آزاد ہونا چاہیے۔
پیغام میں ایرانی سپریم لیڈر نے امریکا اور اسرائیل کے تمام مادی اور غیر مادی اثاثوں سے متعلق ممکنہ اہداف کی فہرست کو تازہ کرنے کی ہدایت بھی دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے فوج کو جاسوسی، معاونت اور جنگی کارروائیوں میں استعمال ہونے والے ہتھیاروں اور گولہ بارود کی پیداوار بڑھانے پر زور دیا ہے۔مجتبیٰ خامنہ ای نے مسلح افواج کو فوجی انٹیلی جنس کی صلاحیتوں میں مزید بہتری لانے اور ملک کے اندر دفاعی وسائل و صلاحیتوں کو فروغ دینے کی ہدایت بھی دی ہے۔ان ہدایات کو ایران کی دفاعی تیاریوں میں اضافے اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے فوجی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ تاہم، اس تحریری پیغام میں کسی مخصوص فوجی کارروائی یا اس کے وقت کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / Mohammad Khan